بھارت کی گیدڑ بھبکی کا سب سے تگڑا جواب وزیر اعظم آزاد کشمیر نے دے دیا

بھارت کی فوج دنیا کی بزدل ترین فوج ہے اس کیلئے کشمیری ہی کافی ہیں، کشمیری وزیراعظم

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 22 ستمبر 2018 23:27

بھارت کی گیدڑ بھبکی کا سب سے تگڑا جواب وزیر اعظم آزاد کشمیر نے دے دیا
مظفر آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 ستمبر 2018ء) وزیراعظم آزاد کشمیر بھی کھل کر میدان میں آگئے۔کشمیری وزیراعظم فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارت کی فوج دنیا کی بزدل ترین فوج ہے اس کیلئے کشمیری ہی کافی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کچھ دیر پہلے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے دی گئی گیدڑ بھبکی شہہ سرخیوں کا حصہ بن چکی ہیں اور اس حوالے سے پاکستان کی جانب سے جواب دئیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کے دبنگ بیان نے بھارت کی بولتی بند کردی۔وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کہا کہ بھارتی فوج چند سو مقامی مجاہدین کے سامنے بےبس ہے۔ یہ فوج مقبوضہ کشمیر میں صرف معصوم بچوں، عورتوں اور نہتے کشمیریوں پر ہی ظلم کرسکتی ہے، بھارتی فوج پاک فوج کامقابلہ نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

فاروق حیدر کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی فوج دنیا کی بزدل ترین فوج ہے بلکہ بھارتی فوج کو فوج کہنا فوج کی توہین ہے، بزدل بھارتی آرمی چیف اور فوج کیلئے آزادکشمیر کی عوام ہی کافی ہیں۔

یاد رہے کہ آج بھارتی آرمی چیف نے گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو اس کی زبان میں جواب دینے کا وقت آگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستانی فوج سے بدلہ لیا جائے۔ پاکستان کوان کی ہی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ پاکستانی فوج اور دہشتگردوں سے بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے۔ پاکستان کوبھی درد محسوس کروانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مسلسل نئے ہتھیاروں کی ضرورت رہتی ہے۔مخصوص ہتھیار ہم ایک حد تک ہی استعمال کرسکتے ہیں۔ ہتھیاروں کی خریداری جاری رہے گی۔ جوابی اقدامات بھی کریں گے۔ بھارتی آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج کو جلد عسکری سرپرائز دیں گے۔ عسکری کاروائی ہمیشہ سرپرائز ہوتی ہے۔