وزیراعلیٰ پنجاب کا وزیراعلیٰ آفس میں انتہائی مصروف دن

صبح سے رات تک سرکاری فرائض سرانجام دیتے رہے، 15محکموں کے 100روزہ پلان کا جائزہ لیا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 23:42

وزیراعلیٰ پنجاب کا وزیراعلیٰ آفس میں انتہائی مصروف دن
لاہور۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آج وزیراعلیٰ آفس میں انتہائی مصروف دن گزارا۔ وزیراعلیٰ صبح سے رات گئے تک سرکاری فرائض سرانجا م دیتے رہے اورانہوں نے مختلف محکموں کے 100روزہ پلان کے بارے میں مسلسل بریفنگز لیں۔وزیراعلیٰ نے ان بریفنگز کے دوران 100روزہ پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اورضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

وزیراعلیٰ کو مجموعی طورپر 15محکموں کے بارے میں بریفنگز دی گئیں۔وزیراعلیٰ کو محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ،محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن،محکمہ سیاحت،محکمہ سکولز ایجوکیشن،محکمہ ہائر ایجوکیشن،محکمہ محنت،محکمہ وومن ڈویلپمنٹ، محکمہ صنعت،محکمہ زراعت،محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ،محکمہ آبپاشی،محکمہ ہاؤسنگ،محکمہ جنگلات،محکمہ بلدیات اورمحکمہ پولیس کے بارے میں بریفنگز دی گئیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے سموگ سے بچاؤ کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے کے لئے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی جبکہ وزیراعلیٰ نے نئے بلدیاتی نظام کے بارے میں بھی اجلاس کی صدارت کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے صرف کام کرنا ہے اور کام کرکے دکھانا ہے تاکہ لوگوں کو نیا پاکستان بنا کر دکھائیں اورلوگوں کو یقین دلائیں کہ یہ ان کی حکومت ہے اوران کے لئے ہی کام کررہی ہے۔وزیراعلیٰ نے بغیر کسی آرام رات گئے تک سرکاری مصروفیات ادا کیں۔