کوئٹہ ، گوادر کو مکران ڈویژن سے الگ کرنے کی تجویز تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش ہوگی،سینیٹر میر حاصل خان بزنجو

گوادر کو لسبیلہ کے ساتھ ملا کر ڈویژن بنانا ناقابل عمل اقدام ہے، گوادر متنازعہ ہو گا تو سرمایہ کار بھی مشکلات اور بیک کرنے کی کوشش کریں گے ،مرکزی صدر نیشنل پارٹی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 23:46

کوئٹہ ، گوادر کو مکران ڈویژن سے الگ کرنے کی تجویز تاریخ کو مسخ کرنے ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2018ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ گوادر مکران ڈویژن کا تاریخی حصہ ہے جو اپنی تاریخی طورپر جغرافیائی سیاسی معاشی حیثیت واہمیت رکھتا ہے گوادر کو مکران ڈویژن سے الگ کرنے کی تجویز تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش ہوگی جس کی نیشنل پارٹی مکمل مذمت کرتے گی انہوں نے کہا کہ گوادر کو لسبیلہ کے ساتھ ملا کر ڈویژن بنانا ناقابل عمل اقدام ہے کیونکہ دونوں اضلاع کا درمیانی فاصلہ ہزاروں کلومیٹر پر محیط ہے اور اضلاع اپنی علیحدہ تاریخی حیثیت رکھتے ہیں یہ عمل دونوں اضلاع کے عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی گزشتہ ادوار میں گوادر کو مکران ڈویژن سے الگ کرنے کی تجویز سامنے لائی گئی اور اس کی تاریخ کو مفادات کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی گئی جس پر عوام نے بھرپور احتجاج کیا اور اس سازش کو ناکام بنا دیا میرحاصل خان بزنجو نے کہا کہ گوادر بین الاقوامی شناخت کر چکا ہے اور گوادر دنیا کی تمام بندرگاہوں سے گہری اور وسیع بندرگاہ ہے جو کہ ملک کی اقتصادی اور معاشی بہتری کا واحد ذریعہ ہو سکتا ہے اس سلسلہ میں پاک چائنا اقتصادی زون متعارف کیا گیا ہے اور اس اقتصادی زون کے بدولت دنیا تجارت کے ذریعے ایک دوسرے کے منسلک ہے اگر گوادر کے عوام کو تمام منصوبوں میں شامل کیا جائے تو گوادرکے عوام ملک کی اقتصادی اور معاشی مسائل کو حل کرنے میں کارگر ثابت ہو سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک طرف جب بین الاقوامی ممالک اور سرمایہ کار گوادر سمیت پورے ملک میں سرمایہ کاری کررہے ہیں اور اپنی سرمایہ کاری کے ذریعے اپنے ملک کی ضروریات کو پورا کرنے میں مصروف عمل ہیں وہاں موجودہ حکومت گوادر کو مکران ڈویژن سے الگ کرکے کیسی سازش کا حصہ بن رہی ہے گوادر متنازعہ ہو گا تو سرمایہ کار بھی مشکلات اور بیک کرنے کی کوشش کریں گے نیشنل پارٹی گوادرکے عوام کی سیاسی معاشی حقوق اور تاریخی جغرافیائی اہمیت کے ساتھ ہے اور اس میں کسی کو قدغن لگانے نہیں دے گی ۔