Live Updates

بھارتی حکمرانوں کے جنگی جنون کو مسترد کرتے ہیں،ہر کوئی جانتا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف نفرت پھیلاکر فرانسیسی جیٹ رافیل معاہدے پر مودی کے استعفے کے مطالبے اور اس میگا کرپشن سکینڈل سے بھارتی عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے،بھارت اندرونی خلفشار اور دبائو سے بچائو کیلئے اس قسم کے حربے استعمال کررہا ہے،دنیا نے امن کے حصول کیلئے پاکستان اور بھارت کے رویوں میں فرق دیکھ لیا ہے،مودی اپنے عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے ظاہر کررہے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں ہیں ،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین

اتوار 23 ستمبر 2018 01:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے بھارتی حکمرانوں کے جنگی جنون کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف نفرت پھیلاکر فرانسیسی جیٹ رافیل معاہدے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے استعفے کے مطالبے اور اس میگا کرپشن سکینڈل سے بھارتی عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

ہفتہ کو اپنے ٹویٹ پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت اندرونی خلفشار اور دبائو سے بچائو کیلئے اس قسم کے حربے استعمال کررہا ہے۔ دنیا نے امن کے حصول کیلئے پاکستان اور بھارت کے رویوں میں فرق دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعطم عمران خان امن کی زبان استعمال کررہے ہیں جبکہ بھارت دھمکی آمیز لہجہ استعمال کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے امن کیلئے ہاتھ بڑھایا ہے۔

دونوں ملکوں کے عوام کی بہتری اور خطہ کی خوشحالی کیلئے امن ضروری ہے۔ ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے لئے رافیل ڈیل سے توجہ ہٹانا پاکستان کی امن کی پیشکش سے زیادہ سے اہم ہو گیا ہے۔ بنیادی طور پر رافیل ڈیل 7.8 ارب ڈالر کا معاہدہ ہے جس کے تحت جیٹ لڑاکا طیارے خریدے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اس بڑے کرپشن سکینڈل کا محور بن چکے ہیں اور اس وقت ان کی تمام تر کوشش اس کرپشن سکینڈل سے نکلنا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ مودی کو ایک بہانے کی ضرورت ہے،وہ اپنے عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے ظاہر کررہے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں ہیں ،وہ عوام کی توجہ اس مسئلہ سے ہٹا کر پاکستان کی طرف موڑنا چاہتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بھارت کے تمام امن پسند گروپ اور سیاسی جماعتیں اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حکمران جماعت کے اس جنگی جنون کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم نے امن کیلئے ہاتھ بڑھایا اور امن کی خاطر ہاتھ بڑھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم70 سال سے لڑ رہے ہیں،لاکھوں عوام اپنے ملک کیلئے جانیں قربان کرچکے ہیں۔ ہم لڑنا جانتے ہیں لیکن ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے پاکستان امن کا خواہاں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات