Live Updates

حکومت ریلیف فراہم نہیں کر سکتی تو کم از کم (ن) کے دور کی قیمتیں ہی واپس لے آئے ‘ میاں عثمان

پیٹرولیم کی قیمتوں میں 10روپے اضافے کے مجوزہ فیصلے سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے‘ ممبر مشاورتی کونسل (ن) لیگ ضمنی انتخابات میں پارٹی کے نامزد امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی ،کارکن ڈور ٹو ڈور مہم میں بھی حصہ لیں گے

اتوار 23 ستمبر 2018 12:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) لاہور کی مشاورتی کونسل کے ممبر میاں عثمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10روپے فی لیٹر تک اضافے کے مجوزہ فیصلے سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ،حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی صورت میں وصول کئے جانے والے اپنے منافع میں کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ضمنی انتخابات میں پارٹی کے نامزد امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی اورکارکن ڈور ٹو ڈور مہم میں بھی حصہ لیں گے ۔ میاں عثمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابات سے قبل یوٹیلٹی بلز ، اشیائے خوردنوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے وعدے کئے گئے لیکن حکومت سنبھالنے کے بعد ایسا کوئی ہفتہ نہیں گزرا جس میںمہنگائی کا بم نہ گرایا ہو ۔

(جاری ہے)

عوام مطالبہ کر رہے ہیں اگر موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کر سکتی تو کم از کم اشیائے خوردونوش، گیس ، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی سابقہ حکومت کے دور کی قیمتیں ہی واپس لے آئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تنقید برائے تنقید یا میں نہ مانوں کی رٹ نہیں لگائیں گے بلکہ مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے عوام کے حقوق کی آواز بلند کریں گے اور جہاں حکومت اچھے اقدامات کرے گی کھلے دل سے ان کی تحسین بھی کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات