ایشیاءکپ،بھارت سے مقابلے کے لیے حتمی الیون کا انتخاب کرلیا گیا

مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4بجے شروع ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 23 ستمبر 2018 15:08

ایشیاءکپ،بھارت سے مقابلے کے لیے حتمی الیون کا انتخاب کرلیا گیا
دبئی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 ستمبر2018ء) ایشیاءکپ میں بھار ت کے خلاف بڑے مقابلے کے لیے پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیوں کا امکان ہے ۔ گرین شرٹس کی پلیئنگ الیون میں فاسٹ باﺅلر محمد عامر اور شاداب خان کی واپسی ہوگی جب کہ حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی کو آج کے میچ کے لیے ڈراپ کیا جائے گا ، ذرائع کے مطابق پچ کو دیکھتے ہوئے جنید خان یا عثمان خان شنواری کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔

حتمی پلیئنگ الیون سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان اور عثمان خان شنواری یاجنید خان پر مشتمل ہوگی جبکہ مکی آرتھر ٹیم کے ہیڈ کوچ اور طلعت علی منیجر ہیں۔میچ کا ٹاس شام 4بجے ہوگا جب کہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 4بجے دبئی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ پاکستان اور بھارت کے مابین ایک سال سے زائد عرصے کے دوران کھیلا جانے والا دوسرا مقابلہ ہے ،اس سے قبل گرین شرٹس نے جون 2017ءمیں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی ٹیم کو 180رنز سے عبرت ناک شکست دی تھی ، دونوں ٹیمیں 2006ءکے بعد دوسری مرتبہ متحدہ عرب امارات میں آمنے سامنے آئیں گی ،اس سے قبل دونوں ٹیمیں 1984ءسے2000ءکے دورا ن شارجہ کے مقام پر کئی تاریخی میچز کھیل چکی ہیں ،دونو ں ٹیموں نے اب تک ایشیا ءکپ میں 12مرتبہ ایک دوسرے کا آمنا سامنا کر رکھا ہے اور بھارت نے 6اور پاکستان نے 5مرتبہ کامیابی اپنے نام کی ہے ۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے اہم میچ کےلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کےلئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا۔میچ پر پاک بھارت سمیت پوری دنیا کے شائقین کرکٹ کی نظریں لگی ہوئی ہیں اور شائقین کی بہت بڑی تعداد یا تو گراﺅنڈ میں جاکر یا پھر ٹی وی پر دونوں روایتی حریفوں کے مابین ہونےوالے میچ کو دیکھنے کیلئے بیتابی سے انتظار کر رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونےوالے میچ کے تمام ٹکٹس میچ سے قبل فروخت ہوچکے ہیں۔ پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔