سینٹ کی کمیٹی برائے خزانہ سمیت پانچ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس الگ الگ (آج) ہونگے

اتوار ستمبر 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2018ء) سینٹ کی کمیٹی برائے خزانہ سمیت پانچ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس الگ الگ (آج) پیر کو ہونگے ۔تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور کا تین روزہ اجلاس (آج) پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے کمیٹی روم میں دو بجے شروع ہو گا جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فاروق ایچ نائیک کریں گے۔

اجلاس میں فنانس سپلیمنٹری (ترمیمی) بل 2018ء کی سفارشات پر غور کیا جائے گا جبکہ دیگر امور بھی زیر غور لائے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس بھی (آج) پیر کو 12 بجے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں ہو گا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک میں جاری موٹروے کے منصوبوں کی تعمیر کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزارت کے مختلف امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس (آج) پیر کو 11 بجے پارلیمنٹ ہائوس کے کمیٹی روم میں ہو گا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر شمیم خان کریں گے۔ اجلاس میں باڑہ ڈیم، نیلنگ ڈیم کی موجودہ پوزیشن کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی جبکہ اجلاس میں صوبوں کو پانی کی تقسیم کے حوالے سے بھی کمیٹی کو بھی بریفنگ دی جائے گی۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کا چار روزہ اجلاس (آج) پیر کو تین بجے پارلیمنٹ ہائوس کے کمیٹی روم میں ہو گا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر آغا شہباز درانی کریں گے۔ اجلاس میں فنانس (ترمیمی) بل 2018ء کی سفارشات پر غور کیا جائے گا جبکہ دیگر امور بھی زیر غور لائے جائیں گے۔ادھر سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و فنی تربیت کا اجلاس (آج) پیر کو دو بجے پارلیمنٹ ہائوس کے کمیٹی روم میں ہو گا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کی چیئرپرسن راحیلہ مگسی کریں گی۔ اجلاس میں ایریا سٹڈی سنٹر (ترمیمی) بل 2017ء پر غور کیا جائے گا جبکہ وزارت تعلیم و ایچ ای سی کے مختلف امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔