Live Updates

حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

سابقہ حکمرانوںکی پیدا کی گئی خرابیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی‘ وفد سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 23 ستمبر 2018 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور بہت جلد حقیقی ترقی کا دور دورہ ہوگا ،چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے تمام صوبوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے اعلان کے مطابق 100 روز ہ ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور عوام کو بہت جلد واضح تبدیلی نظر آئے گی ۔سابقہ حکمرانوںنے ملک میں جتنی خرابیاں پیدا کی ہیں انہیں دور کرنے اور جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نہ صرف عوام کو ملک کے ابتر حالات سے آگاہ کر رہی ہے بلکہ اصلاح اور بہتری کیلئے اقدامات تجویز کر کے عملی اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔

ہم انشا اللہ ملک اور اس کے اداروں کی بہتری کیلئے سمت کا تعین کریں گے اور اس کے بعد ایک مضبوط نظام کے ذریعے آگے بڑھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے بلدیاتی نظام تونافذ کر دیا لیکن اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی بجائے اتھارٹیز کے ذریعے اپنے ہاتھ میں رکھے ۔پی ٹی آئی کی حکومت ایسا موثر بلدیاتی نظام لائے گی جس سے عوام کے حقیقی نمائندے با اختیار بھی ہوں گے اورعوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات