آزادکشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنانے کے لیے کشمیری قوم ہی کافی ہے،راجہ فاروق حیدر

بھارت کی آرمی دنیا کی بزدل ترین فوج ہے ،کشمیری پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں جو سبز ہلالی پرچم کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں،وزیراعظم آزادکشمیر

اتوار 23 ستمبر 2018 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ بزدل بھارتی فوج کے گیدڑ آرمی چیف کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ سرزمین آزادکشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنانے کے لیے کشمیری قوم ہی کافی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں چند سو مقامی مجاہدین کے سامنے لاکھوں بھارتی فوجی بے بس ہیں اوروہ بات جنگ کی کرتے ہیں۔بھارت کی آرمی دنیا کی بزدل ترین فوج ہے جو صرف بچوں ، عورتوں اور نہتے کشمیریوں پر ظلم کر سکتی ہے، پاک فوج کا مقابلہ بھارتی فوج کے بس کی بات نہیں ہے۔کشمیری پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں جو سبز ہلالی پرچم کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار بھارتی آرمی۔چیف کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ پاک سرزمین کی حفاظت کے لیئے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے مورچوں تک پہنچنے سے پہلے ہی اس کے دانت کشمیری عوام کٹھے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جو آرمی چیف خود کہتا ہیکہ کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 سے 150 مجاہدین موجود ہیں انکے مقابلے کے لیئے چھ لاکھ فوج بٹھا رکھی ہے اسے ایسا بیان دینے سے پہلے ڈوب مرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڈھ سو مجاہدین سے شکست کھانے والے بھارتی فوج فوج پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو فوج کہنا فوج کی توہین ہے کیونکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے جس کا اعتراف اقوام متحدہ نے بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے بھی بھارتی فوج کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی قاتل فوج قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی فوج کو اس طرح کے بے سروپا بیانات دینے سے پہلے اپنے گریبان میں۔جھانکنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف کا بیان قوم کا مورال بلند کرنے کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم اپنی بہادر پاک فوج کی پشت پر ہے اور دفاع وطن کیلیے ملک کا بچہ بچہ سپاہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پوری قوم ایک ہو جائے اور یکجہتی کے ذریعے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جائے۔ادھر وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میںپاک فوج کے سات شہید فوجیوں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرتی کے بیٹوں کی قربانیاں لازوال ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے عفریت کو ختم کرنے کے لیے پاک فوج نے جو قربانیاں دی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ انہی قربانیوں کی وجہ سے وطن عزیز میں امن قائم ہوا اور قوم سکون کی نیند سوتی ہے۔وزیراعظم نے شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی ان کو اپنے پیاروں کا غم سہنے کا حو صلہ دے۔