پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کا مراکش کی بندرگاہ کاسابلانکا کا دورہ

اتوار 23 ستمبر 2018 18:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے مراکش کی بندرگاہ کاسابلانکا کا دورہ کیا، بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے جہاز کا مراکش نیوی کے آفیسرز اور رباط میں پاکستان کے سفارتخانے کے حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ کے جہازکا یہ دورہ تیرہ سال کے وقفے کے بعد عمل میں آیا اس سے پہلے آخری دورہ 2005 میں کیا گیا تھا۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ دورہ کے دوران کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے مراکش بحریہ کے سینئر حکام اور ڈپٹی چیف آف نیول آپریشنز سے ملاقاتیں کیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور میری ٹائم کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ کمانڈر کوسٹ نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی طرف سے مراکش کے عوام کے لئے بالعموم اور مراکش بحریہ کے لئے بالخصوص نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔

دورے کے اختتام پر پی این ایس سیف نے فرانسیسی اور مراکش کے بحری جہازوں کے ساتھ مشترکہ مشقوں کا بھی انعقاد کیا۔ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ مشقوں کا مقصد دوست ممالک کی بحری افواج کے ساتھ ، حربی چالوں، آپریشنل صلاحیتوں اور مہارتوں میں اضافہ کرنا تھا۔

متعلقہ عنوان :