پاکستان میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کر نے کی بے شمار صلاحیت موجود ہے،خواجہ حبیب الرحمان

اتوار 23 ستمبر 2018 19:10

لاہور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کر نے کی بے شمار صلاحیت موجود ہے جس سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے، شمسی توانائی پر توجہ دے کر توانائی بحران کو بہتر طور پر حل کیا جاسکتا ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک اب شمسی توانائی کی طرفہ توجہ دے رہے ہیں کیونکہ سورج سے پیدا ہونے والی بجلی ماحول دوست بھی ہے اور وقت کیساتھ ساتھ نئی ٹیکنالوجی آ نے سے اس کی قیمت بھی کم ہو رہی ہے، گزشتہ سال دنیا میں شمسی توانائی کے منصو بوں میں160ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی گئی جس کے نتیجے میں98 ہزار میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصو بے شروع کئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں64 فیصد بجلی تیل سے پیدا ہوتی ہے جو نہ صرف ماحول کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے ملک میں ہر سال سموگ بھی بڑھ رہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے شمسی توانائی پر توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ 6کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ان حالات میں حکومت کو ٹیکس اصلاحات کے علاوہ بھی بہت سے مثبت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ملک یا کسی مالیاتی ادارے پر انحصار کرنے کے بجائے اندرونی پیداوار میں اضافہ اور سی پیک کے تحت ملنے وا لی امداد کوبرآمدات میں اضافے کیلئے استعمال کر نا چاہئے جبکہ ملکی اور غیرملکی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کر نے کیلئے ایسی پالیسیاں مرتب کی جا نی چاہئیں جس سے غیرملکی سرمایہ کاری بڑھے۔