شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدار محمد آصف کو جہانیاں میں پورے عسکری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا

صدر ،آرمی چیف ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور کورکمانڈر کی جانب سے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے

اتوار 23 ستمبر 2018 20:50

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2018ء) شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدار محمد آصف کو جہانیاں میں پورے عسکری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا،پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی جبکہ صدر ،آرمی چیف ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور کورکمانڈر کی جانب سے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے۔

تفصیل کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقہ غرلا مائی اورسپراکنرالگد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران جھڑپ میں کیپٹن جنید سمیت سات جوان شہید ہو گئے تھے دیگر شہداء کے ساتھ جہانیاں کے رہائشی پاک فوج کے حوالدار محمد آصف بھی شہید ہو گئے تھے جس کا جسد خاکی گزشتہ روز جہانیاں لایا گیا اور شہید کے آبائی گائوں چک185دس آر ڈبے والا میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں افرادنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شہید کی قبر پر صدر عارف علوی،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات،چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ،کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ ڈوگر اور اسٹیشن کمانڈر خانیوال کرنل حامد افضل کی جانب سے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے ۔پوک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی جبکہ شہید کی قبر پر قومی پرچم لہرایا گیا اور شہید کے والد لعلخان کو شہید کی یونیفارم اور قومی پرچم پیش کیا گیا۔