مسلم لیگ نون کے وفدکی نیئر حسین بخاری سے ملاقات، حکومت کو ٹف دینے کافیصلہ

مشترکہ حکمت عملی کے تحت ہی موجودہ حکومت کو ٹف ٹائم دیاجاسکتاہے،ذرائع لیگی رہنمائوں کی ضمنی انتخاب میں مشترکہ امیدوارلانے کی درخواست مسلم لیگ نون کاموقف پارٹی قیادت تک پہنچائونگا، مشاورت کے بعد ہی جواب دیاجاسکتاہے،نیئرحسین بخاری

اتوار 23 ستمبر 2018 21:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) مسلم لیگ نون نے حکومت کو ٹف دینے کافیصلہ کرلیاہے اس سلسلے میں سابق وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے مددمانگ لی ہے۔ذرائع کے مطابق اتوار کو متحدہ اپوزیشن کے لئے مسلم لیگ نون نے پیپلزپارٹی سے باضابطہ رابطہ کیا اور مسلم لیگ نون کاوفد پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری سے ملاقات کرنے کے لئے ان کی رہائش گاہ پرپہنچا۔

وفد میں سینیٹرچودھری تنویر، طارق فضل چودھری اورانجم عقیل شامل تھے۔ نون لیگ کے ذرائع کے مطابق وفد نے نیئرحسین بخاری سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت ہی موجودہ حکومت کو ٹف ٹائم دیاجاسکتاہے لہٰذا متحدہ اپوزیشن کے لئے پیپلزپارٹی نو ن لیگ کاساتھ دے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نون لیگی وفد نے کہاکہ متحدہ اپوزیشن کے تحت ہی پارلیمنٹ کے اندر اور باہرموثرانداز میں آوازبلند کی جاسکتی ہے اس موقع پر مسلم لیگ نون نے پیپلزپارٹی کو ضمنی انتخاب میں مشترکہ امیدوارلانے کی بھی درخواست کی ۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے نیئر حسین بخاری نے کہاکہ جس پارٹی کا امیدواررنراپ ہے وہی امیدوارہو۔صوبہ وارامیدوار کی فہرستیں بنائی جائیں نیئرحسین بخاری نے کہاکہ مسلم لیگ نون کاموقف پارٹی قیادت تک پہنچائونگا اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد ہی جواب دیاجاسکتاہے۔نیئرحسین بخاری نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی جمہوریت کی مضبوطی اورتسلسل کے لئے کردار تاریخی ہے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی مدبرانہ کردار اداکررہی ہے نیئربخاری نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوارکھڑے کرنے سے متعلق جلدآگاہ کرونگا ۔

ذرائع کے مطابق راجہ ظفرالحق نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف آج پیر کواسلام آباد پہنچ رہے ہیں مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کے درمیان مزید رابطے بڑھیں گے انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف کو بھی آپ سے ملاقات کی تفصیل دوں گا۔