مودی طیارہ سکینڈل سے بچنے کیلئے جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے‘چودھری منظور

حکومت پاکستان کو مودی یا بھارتی فوج کے احمقانہ بیانات پر محتاط رد عمل دینا چاہئے‘بیان

اتوار 23 ستمبر 2018 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری منظورنے کہاکہ گجرات کا قاتل مودی طیارہ سکینڈل سے بچنے کیلئے جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے، حکومت پاکستان کو مودی یا بھارتی فوج کے احمقانہ بیانات پر محتاط رد عمل دینا چاہئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ بھارت میں طیارہ سکینڈل نے مودی کو ایسے گھیر لیا ہے جیسے نواز شریف پانامہ میں پھنسے تھے، مودی کے خلاف طیارہ سکینڈل کا بھانڈہ فرانسیسی صدر نے پھوڑا ہے، جس سے وہ بچ نہیں سکتا، مودی طیارہ سکینڈل سے بھارتی عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کے خلاف جنگی جنون کو ابھار رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کی اپوزیشن جماعتوں نے طیارہ گھوٹالے میں وزیراعظم مودی کا گھیرا تنگ کر لیا ہے،مودی خود کو بچانے کیلئے خطے کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر حکومت پاکستان نے مودی کو اس کی ہی زبان میں جواب دیا تو یہ غیردانستہ طور پر اس کی مدد ہوگی۔مودی گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کے حالات کے بعد اب ایک بار پھر طیارہ سکینڈل میں بدترین دبائو میں ہے۔ انہوںنے کہاکہ مودی جارحانہ خارجہ پالیسی اختیار کر کے داخلی حالات کو اپنے حق میں کرنا چاہتا ہے،خارجہ اور داخلہ پالیسی آپس میں جڑی ہوتی ہیں، ہمیں اس کو سمجھ کر رد عمل دینا ہوگا۔