جرگہ ہال آڈیٹوریم سبی میںعالمی پشتون کلچر ڈے کے حوالے سے سبی یوتھ اتحاد کی جانب سے پروقارتقریب ، مہمان خصوصی کمانڈنٹ سبی سکائوٹس برگیڈئیر ذولفقار باجوہ تھے

اتوار ستمبر 21:50

سبی۔ 23ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2018ء) جرگہ ہال آڈیٹوریم سبی میںعالمی پشتون کلچر ڈے کے حوالے سے سبی یوتھ اتحاد کی جانب سے پروقارتقریب منعقد کی گئی ۔تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ سبی سکائوٹس برگیڈئیر ذولفقار باجوہ تھے ،اس موقع پر سبی یوتھ اتحاد کے کارکنوں اور پشتون قبائل کے نوجوانوںنے دھول کے تاپ پر رقص کیا ۔پشتون قبائل کا برگیڈئیر ذولفقار باجوہ کی قیادت میں جرگہ ہال سے کلمہ چوک تک پیدل مارچ،پاکستان زندہ باد،انڈیا مردہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

تفصیلات کے مطابق سبی میں پشتون کلچر ڈے کو نہایت ہی جوش و جذبے و شایان شان طریقے سے منایاگیا پشتون قبائل نے پشتون ثقافت کے مناسبت سے پگڑیاں پہن رکھی تھیں جبکہ دھول کی تھاپ پر رقص کیا، پشتون کلچر ڈے کے حوالے سے جرگہ ہال آڈیٹوریم سبی میں یوتھ اتحاد کی جانب سے پروقار تقریب منعقد کی گئی جسکے مہمان خصوصی کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس برگیڈیئر ذوالفقار باجوہ تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب میںوائس چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی حاجی محمد حیات رند ،کونسلر میر مظفر ابڑو،سابق نائب ناظم میر حبیب رند،سابق نائب ناظم میرمحمد جان رند،ملک عارف،میر عبدالصمد مرغزانی،قادر لونی،عبدالغفار ڈومکی،ملک ساجد بنگلزئی سمیت مختلف سیاسی ،سماجی ،قبائلی ،علاقہ معتبرین نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس برگیڈئیر ذوالفقار باجوہ ،میر عبدالصمد مرغزانی،سردارابراہیم خان باروزئی ،ڈاکٹر سلطان موسیٰ خیل و دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان میں پشتون بلوچ سندھی پنجابی سمیت کئی زبان بولنے والے آباد ہیں ۔

بلوچستان میں پشتون بلوچ قبائل بھائی چارے محبت سے زندگی بسر کررہے ہیں کسی بھی قوم قبیلے کی ثقافت کلچر اس کی قومی پہچان ہے۔ کلچر میں لباس عقائد تمدن علم وفنون جذبات حساسیات سے پشتون قبائل کا منفرد انداز نمایاں نظر آتا ہے۔مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والے ہر قوم قبیلہ پھولوں کی مانند ہے۔ پاکستان ایک خوب صورت باغ ہے جس میں ہر رنگ نسل کے پھول آباد ہیں پاکستان کی جانب میلی آنکھ نکال لی جائے گی اپنے اپنے وطن کا دفاع متحد ومنظم ہوکر کریں گے۔

بھارت کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر سبی یوتھ کے عہدیداروں نے مختلف مہمانان گرامی کو پشتون ثقافت پگڑی پہنائی۔ جرگہ ہال سبی میں موجود شرکاء نے بھارت کے خلاف احتجاجی ریلی بھی نکالی اور پاکستان کی سلامتی قوم کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔سبی اسکاؤٹس کی جانب سے پروگرام میں شریک بچوں کو خصوصی گفٹ بھی پیش کیے گئے۔ اس موقع پر پولیس اور ایف سی کی جانب سے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے تھے ۔