عمران خان کے ساتھ ساتھ خاتون اول بھی متحرک ہو گئیں

خاتون اول نے اولڈ ایج ہوم میں بزرگ خواتین اور افراد سے ان کے مسائل سنے، تصاویر بھی بنوائیں

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان پیر ستمبر 11:40

عمران خان کے ساتھ ساتھ خاتون اول بھی متحرک ہو گئیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24ستمبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان کے ساتھ خاتون اول بھی متحرک ہوگئیں ۔ عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کی تو خاتون اول بے سہارا افراد سے ملنے پہنچ گئیں۔ ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان گذشتہ روز لاہور پہنچے تھے۔لاہور میں عمران خان کے ساتھ ساتھ ان کی اہلیہ بھی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتی رہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی جو وزیراعظم کے ہمراہ لاہور آئیں تھیں انہوں نے گزشتہ روز ایس او ایس ویلیج سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود بے سہارا خواتین سے ملاقات کی اور ان سے ان کے مسائل دریافت کئے۔ خاتون اول بشری بیگم نے اولڈ ایج ہوم ٹاون شپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بزرگ خواتین اور افراد سے ملکر ان کے مسائل سنے۔

(جاری ہے)

بزرگ خواتین نے خاتون اول کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

بشری بی بی اور فرح خان گہوارہ ہوم بھی پہنچیں جہاں پر بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ خاتون اول نے بچوں کی فرمائش پر ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ ایس او ایس ویلج سینٹر کی انتظامیہ نے وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سینٹر میں موجود خواتین کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے آگاہ بھی کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےوزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ بے سہارا خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ ان کی قریبی سہیلی فرح خان بھی موجود تھی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی گزشتہ روز اپنی بیٹیوں کے ہمراہ ایس او ایس ویلج سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سینٹر میں موجود بے سہارا بچوں سے ملاقات بھی کی اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کو انتظامیہ نے بچوں کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا ۔