کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں ،سیدعلی گیلانی

کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں‘ اب تک چھ لاکھ سے زائدکشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں جب تک بھارت مسئلہ کشمیر کو متنازعہ تسلیم نہیں کرتا ہے تب تک اس دیرینہ مسئلے کے حل میں بھارت کی عدم دلچسپی ایک رُکاوٹ بنی رہے گی‘سیمینار سے خطاب

پیر 24 ستمبر 2018 12:27

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کہاہے کہ کشمیری عوام جموںوکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کیلئے اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں انہوںنے اب تک چھ لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارت ایک غاصب اور جابر قوت کی حیثیت سے سرزمین جموںوکشمیرپر ناجائز طور پر قابض ہے اورکشمیری عوام اپنے حق خودارایت کیلئے ایک پر امن سیاسی تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی نے بھارتی قابض حکمرانوں کی طرف سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے آزمائے گئے ہر طرح کے ہتھکنڈوں کی مثال دیتے ہوئے بھارت کی فسطائی قوتوں کی طرف سے طلاق کو قابل سزا جرم قرار دینے، مسلمانوں خواتین کو بغیر محرم حج پر جانے کی اجازت دینے اور قربانی کے جانوروں کے نقل وحمل پر پابندی عائد کرنے جیسے قوانین کو لاگو کرنے کی کارروائیوں کو صریحاً مداخلت فی الدین قرار دیا۔

انہوںنے کہاکہ بھارت ان اقدامات کے ذریعے مسلمانوں کے دین میں رخنہ ڈالنے اور انتشار پھیلانے کی مذموم کارروائیوں کررہا ہے۔انہوںنے امت مسلمہ کو قرآن وسنت کی پیروی کرنے پر زوردیتے ہوئے کہاکہ اُمت کی موجودہ زبوں حالی قرآن وسنت سے دُوری کا نتیجہ ہے۔ حریت چیئرمین نے بھارت اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ مذاکرات کے 150سے زائد ادوار مکمل کئے جانے کے باوجود آج تک کوئی پیش رفت نہ ہونے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بھارت مسئلہ کشمیر کو متنازعہ تسلیم نہیں کرتا ہے تب تک اس دیرینہ مسئلے کے حل میں بھارت کی عدم دلچسپی ایک رُکاوٹ بنی رہے گی۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کسی بھی دوطرفہ مذاکرات کے بعد کشمیر کے حوالے سے اٹوٹ انگ کی رٹ لگانے سے باز نہیں آتا اور یہی وہ غیر حقیقت پسندانہ رویہ ہے جسے بھارت اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوںنے مسئلہ کشمیر کوکشمیریوںکو انکا حق خودارادیت دے کر ہمیشہ کیلئے حل کرنے کو ایک پُرامن اور جمہوری فارمولہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ جنوبی ایشیاء کے پائیدار امن اورسلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کے فوری حل میں مدد دیں۔

سیمینارسے میر واعظ عمر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہابھارت کے جبری قبضے کیخلاف ہماری مزاحمت کو آگے بڑھانے کیلئے پوری قوم نے آپسی اتحاد و اتفاق کی فضا کو قائم رکھتے ہوئے قیادت کی قابل فخر حوصلہ افزائی کی ہے۔یاسین ملک نے اس موقع پر کہاکہ یہ سیمینار ایک سب جیل میں منعقد ہو رہا ہے کیونکہ قابض انتظامیہ نے سیدعلی گیلانی کو گزشتہ آٹھ برس سے حریت چیئرمین کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے رکھا ہے۔اس موقع پر حریت رہنماء غلام نبی سمجھی ،امیر حمزہ شاہ، غلام علی گلزاراور دیگر نے بھی خطاب کیا۔