نریندر مودی رافیل سودے میں گھپلے پر اپنے بچاؤ کے لئے کابینہ کے ارکان کو آگے کرنے کے بجائے خود جواب دیں، ترجمان کانگریس

پیر 24 ستمبر 2018 12:32

نریندر مودی رافیل سودے میں گھپلے پر اپنے بچاؤ کے لئے کابینہ کے ارکان ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) بھارتی اپوزیشن جماعتکانگریس نے رافیل جنگی طیارے کے سودے کو صدی کا سب سے بڑا گھپلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں بدعنوانی کا الزام براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی پر ہے،انہیں اپنے بچاؤ میں کابینہ کے ساتھیوں کو آگے کرنے کے بجائے انہیں خود اس کا جواب دینا چاہئے۔کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نے رافیل طیارے کے پرانے معاہدے کو مسترد کرکے دفاعی سودے کی خریداری کے عمل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نئے طریقے سے معاہدہ کیا ہے اور پبلک سیکٹر کمپنی ایچ اے ایل کو سودے سے الگ کرکے اپنی پسندیدہ کمپنی کو ٹھیکہ دیا ہے۔

اس سودے میں بڑا گھپلا ہوا ہے، حکومت اس سے منسلک الزامات پر جانچ بھی نہیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاملہ براہ راست وزیر اعظم سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پر گھپلا کا الزام ہے لیکن وہ اپنے بچاؤ میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی، وزیر قانون روی شنکر پرساد اور وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کو آگے کر رہے ہیں۔کابینہ میں ان کے یہ تمام ساتھی بار بار وزیر اعظم کی وکالت کرتے ہوئے اس سودے میں انہیں پاک صاف بتانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ جتنا بچاؤ کرتے ہیں معاملہ اتنا ہی الجھتا جارہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مودی اکثر تمام مسائل پر خود بولتے ہیں تاہم یہاں براہ راست الزام ان پر ہے اور وہ خاموش ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ان کی خاموشی سے کئی سوال اٹھتے ہیں اس لیے انہیں اس سلسلے میں عائد الزامات کا جواب دینا چاہئے۔