ہری پور یونیورسٹی کی سپیکم سوسائٹی کے زیر اہتمام ’’امن کے عالمی ہفتہ‘‘ کی مختلف تقریبات کا آغاز کر دیا گیا

پیر 24 ستمبر 2018 12:41

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) یونیورسٹی آف ہری پور کی سپیکم سوسائٹی کے زیر اہتمام ’’امن کے عالمی ہفتہ‘‘ کی مختلف تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ تقریبات 24 ستمبر سے 28 ستمبر تک جاری رہیں گی ۔ سپیکم سوسائٹی کے چیئرمین اور شعبہ علوم اسلامیہ و دینیہ کے صدر ڈاکٹر مھیمن نے اس سلسلہ میں بتایا کہ تقریبات کے پہلے روز ہری پور یونیورسٹی میں قیام امن، سماجی اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالہ سے ایک روزہ سیمینار منعقد کیا جائے گا جس میں نہ صرف یونیورسٹی کے بلکہ مختلف سرکاری سکولوں کے بچے بھی شرکت کریں گے۔

امن کے عالمی ہفتہ کی تقریبات کے سلسلہ کا دوسرا اہم پروگرام امن واک ہے جو (آج) منگل کو ہو گی، یہ واک شیرانوالہ گیٹ سے صبح 9 بجے شروع ہو کر صدیق اکبر چوک میں اختتام پذیر ہو گی، اس میں بھی یونیورسٹی کے طلبہ، سول سوسائٹی اور مختلف نجی سکولوں کے بچے شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

تیسرے روز 26 ستمبر کو یونیورسٹی میں امن، محبت، برداشت اور رواداری کے فروغ کی خاطر ایک تقریری مقابلے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں یونیورسٹی اور کالجوں کے بچے شرکت کریں گے، تقریری مقابلہ کا عنوان ہے ’’یہی مقصودِ فطرت ہے یہی رمز مسلمانی، اخوت کی جہانگیری محبت کی فراوانی‘‘ امن کے عالمی ہفتہ کی ایک اہم تقریب بعنوان بین المسالک ہم آہنگی اور تحفظ ناموس رسالت 27 ستمبر کو یونیورسٹی میں منعقد کی جائے گی جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اظہار خیال کریں گے۔

تقریب میں یونیورسٹی اور مدرسہ کے طالب علم شرکت کریں گے، امن کے عالمی ہفتہ کے آخری روز یونیورسٹی میں قیام امن کے حوالہ سے طلبہ و طالبات کی بنائی ہوئی تصاویر اور نمونوں کی نمائش کی جائے گی۔ ڈاکٹر مھیمن نے کہا کہ امن کے عالمی ہفتہ کی تقریبات سپیکم اور ہری پورکی ضلعی حکومت کی مشترکہ کاوش ہے جس کیلئے وہ ضلعی حکومت اور ڈپٹی کمشنر زاہد وڑائچ کے شکر گذار ہیں۔

متعلقہ عنوان :