دُبئی:معدے کے کینسر میں مبتلا پاکستانی نے آپریشن سے پہلے بریانی کی خواہش ظاہر کر دی

آپریشن کے دوران غلام عباس کا مصالحے خوری کے باعث گلا سڑا معدہ نکال دیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 24 ستمبر 2018 14:25

دُبئی:معدے کے کینسر میں مبتلا پاکستانی نے آپریشن سے پہلے بریانی کی ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 ستمبر 2018ء) معدے کے کینسر میں مبتلا پاکستانی انجینئر غلام عباس کے پاس دو ہی راستے تھے، یا تو وہ اُسے معدے کی موجودگی کے بغیر باقی کا جیون بِتانا پڑتا یا پھر معدے کے سرطان کے ہاتھوں مرنا پڑتا۔ غلام عباس کی سرجری کچھ روز قبل ہو چکی ہے۔ تاہم مصالحوں اور مرغن غذاؤ ں کے رسیا ہونے کے باعث اس حالت کو پہنچنے والا یہ چٹخورا پاکستانی نازک حالت میں ہونے کے باوجود بھی باز نہ آیا۔

اُس نے آپریشن سے پہلے فرمائش کی کہ سرجری سے پہلے اُسے ایک پلیٹ بریانی کی کھلائی جائے۔ غلام عباس کی زندگی ٹھیک ٹھاک چل رہی تھی کہ اُسے معدے میں شدید تکلیف اور جلن ہونے لگی۔ ڈاکٹر سے رجوع کرنے پر اُسے بتایا گیا کہ وہ معدے کے کینسر میں مبتلا ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

کافی عرصہ علاج کروانے کے بعد بھی مرض میں افاقہ نہ ہونے پر ڈاکٹروں نے اُس پر واضح کر دیا کہ اب اُس کے پاس اپنا معدہ نکلوانے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا۔

خوش خوراک مریض نے سوچا چلو معدہ تو اب فارغ ہو ہی گیا ہے کیونکہ زندگی میں آخری بار ایک پلیٹ بریانی کی کھا لی جائے۔ اُس نے اپنی بیوی سے فرمائش کر کے بریانی پکوائی اور ہسپتال میں منگوا لی۔ غلام عباس کے دو بچے ہیں۔ ایک چھ سال کی بیٹی اور دُوسرا ڈیڑھ سال کا بچہ ہے۔ غلام عباس نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل اچانک میرا وزن تیزی سے گھٹنا شروع ہو گیا اور اکثر قے بھی آ جاتی۔

ہسپتال میں ٹیسٹ کروانے پر پتا چلا کہ میرے معد ے میں ایک بڑی رسولی بن چکی ہے جس نے تقریباً سارے معدے کو گھیر رکھا ہے۔ میرا دو ماہ تک علاج چلتا رہا۔ اس دوران مجھے دو ماہ تک ناک کے ذریعے خوراک دی جاتی رہی۔ تاہم اس دوران بھی میں دن میں چار مرتبہ کھانا کھاتا رہا۔ پھر ڈاکٹروں نے مجھ پر واضح کر دیا کہ اب مجھے معدے سے محروم ہونا پڑے گا ورنہ میری جان چلی جائے گی۔

میں نے اپنے بچوں اور بیوی کی خوشی کے لیے آپریشن کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تاہم مجھے ایک چیز پریشان کرتی ہے کہ کیا معدے کی غیر موجودگی میں میں زندہ رہ پاؤں گا۔غلام عباس کا آپریشن کامیاب ہو چکا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ غلام عباس کا معدہ نکال کر اس کی جگہ ایسا نظام بنا دیا ہے جس کے باعث چھوٹی آنت معدے کا کام دے گی۔ تاہم اب اُسے بہت کم مقدار میں خوراک لینا ہو گی اور خاص طور پر مرچیلی اشیاء سے احتیاط برتنا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :