ریاض: بلند معیارِ زندگی کے عالمی انڈیکس میں سعودی عرب39ویں نمبر پر براجمان ہو گیا

گزشتہ دو دہائیوں کے دوران مملکت میں مقیم افراد کا معیارِ زندگی بہت تیزی سے بلند ہوا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 24 ستمبر 2018 14:28

ریاض: بلند معیارِ زندگی کے عالمی انڈیکس میں سعودی عرب39ویں نمبر پر براجمان ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 ستمبر 2018ء) اقوام متحدہ کے ایک ذیلی ادارے کی جانب سے شائع کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلند معیارِ زندگی کے عالمی انڈیکس میں سعودی عرب تیزی سے ترقی اور خوشحالی کی بڑی جست لگا کر 39 ویں نمبر پر براجمان ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے 2017ء میں کروائے گئے سروے کے مطابق گزشتہ دو عشروں کے دوران مملکت میں لوگوں کا معیارِ زندگی انتہائی تیزی سے بلند ہوا ہے اور اس وقت دُنیا کے کُل 189 ممالک میں سے سعودی عرب کا نمبر 39 ہے۔

سروے کی رُو سے سعودی مملکت میں 1990ء سے لے کر 2017ء تک تمام شعبوں میں حیرت انگیز ترقی ہوئی، جس کے باعث لوگوں کی خوش حالی اور قوتِ خرید میں اضافہ ہو چکا ہے۔ فی کس آمدنی ماضی کی نسبت بہت زیادہ بڑھ چکی ہے جبکہ حکومتی اصلاحات کے باعث تعلیم، صحت اور اوسط عمر میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی شہریوں کی اوسط عمر 5 سے 7 سال بڑھ چکی ہے اس کے علاوہ صحت کے حوالے سے بھی مثالی اقدام اُٹھائے گئے ہیں۔

1990ء میں مملکت میں تعلیم کی شرح 10 فیصد تھی جبکہ اس وقت یہ شرح 16 فیصد اضافے کے ساتھ 26 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔ بچوں کی ذہنی استعداد کے ساتھ ساتھ 25 برس سے زائد عمر کے افراد کے تعلیمی شعور میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ 1990سے قبل 25 برس سے زائد عمر کے افراد میں شرح تعلیم 5.7 فیصد تھی جب کہ اس وقت بڑھ کر 9.5 پر پہنچ چکی ہے۔ فی کس آمدنی کے اعتبار سے دیکھا جائے تو 1990ء میں سالانہ فی کس آمدنی 43 ہزار 941 ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ 2017ء کے دوران 49 ہزار 689 پر پہنچ چکی ہے۔

سروے کے مطابق سعودی عرب میں ہر شعبے میں شہریوں کے لیے بڑی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ جدید نوعیت کی صنعتیں تشکیل پا چکی ہیں اور شہری آبادی میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان کے وژن 2030ء کے تحت مملکت کو اگلے دس سالوں کے دوران ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلّہ لانے کا لائحہ عمل وضع کیا گیا ہے جس پر بہت جوش و جذبے کے ساتھ کام جاری ہے۔