باغات کی بحالی کیلئے ان کو مناسب مقدار میں کھاد ڈالی جائے ،زرعی ماہرین

پیر 24 ستمبر 2018 15:00

فیصل آباد۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) زرعی ماہرین نے باغبانوںکوآم کے خشک پودوںکو جلد تلف کرکے موسمی حالات کی سازگاری کے مطابق نئے پودے لگا نے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ باغبان باغات میں موجود خشک پودے فوری طورپرنکال دیں اوراگرماحول سازگارہو تو ان کی جگہ نئے پودے لگادیئے جائیں نیزاگر پودے کی کچھ شاخیں خشک ہوئی ہوں توان کو کاٹ کرکٹی ہوئی جگہ پر پھپھوندی کش زہر کا پیسٹ بنا کر لگا دیا جائے۔

انہوںنے بتایاکہ باغبان زمین کے وتر پر آنے کی صورت میں باغ کی گوڈی کرسکتے ہیں تاکہ پانی کھڑارہنے سے جو زمین سخت ہوئی ہے وہ بھربھری اور نرم ہو جائے اور اس میں ہو اکا گزر بھی آسانی سے ممکن ہو سکے۔ انہوںنے کہاکہ اگر ہموار زمین درکار ہو تو اس جانب بھی توجہ دی جائے تاکہ پانی او ردیگر زرعی مداخل کو ضائع ہونے سے بچایاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ باغات کی بحالی کیلئے ان کو مناسب مقدار میں کھاد ڈالنے سمیت جڑوں کی مضبوطی اور نشو ونما کیلئے فاسفورسی کھاد بھی ڈالی جائے جبکہ پوٹاش ڈالنے سے فاسفورس کی افادیت اور پودے کی بڑھوتری مزید بہتر ہو جاتی ہے ۔

انہوںنے اے پی پی کو مزید بتایاکہ آم کے باغات پر کیڑے ماراور پھپھوندی کش دوا کاسپرے بھی ضرور کرناچاہیے نیز پود کی جڑوںکو گلنے سڑنے سے بچانے کیلئے زرعی ماہرین کی مشاورت سے تھائیو فینیٹ میتھائل بھی ڈالنا ضروری ہے۔انہوںنے بتایاکہ مزید رہنمائی کیلئے زرعی ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :