اُم القوین: بجلی کے ہوش رُبا بِلوں نے شہریوں کو چکرا کے رکھ دیا

اکثر لوگوں نے بِلوں میں 80 سے 120 فیصد تک اضافے کی شکایت کی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 24 ستمبر 2018 15:03

اُم القوین: بجلی کے ہوش رُبا بِلوں نے شہریوں کو چکرا کے رکھ دیا
اُم القوین(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 ستمبر 2018ء) اُم القوین کے رہائشیوں نے اس بار بجلی کے بِل بہت زیادہ آنے کے حوالے سے شکایتوں کے انبار لگا دیئے ہیں۔ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسب اس بار اگست کے مہینے میں موصول ہونے والا بل 80سے 120 فیصد تک زیادہ آیا ہے۔ سلمہ کے علاقے میں مقیم ایک الجزائری باشندے ابراہیم القاسم کا کہنا ہے کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں اس بار کے بجلی بل ہوش اُڑا دینے والے ہیں۔

مجھے متحدہ عرب امارات میں روزگار کی غرض سے قیام پذیر ہوئے دس سال سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے، رواں سال پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ مجھے بجلی کے بل کی مد میں ایک ہزار درہم کا ٹیکا لگا ہے۔ میرا بجلی کا اوسط بِل ہمیشہ 500درہم سے 600 درہم کے درمیان آتا رہا ہے۔ اس بار کا بجلی کا بل دیکھ کر مجھے یوں لگا جیسے محکمے والوں سے کوئی غلطی ہوئی ہے، لہٰذا میں نے فیڈرل الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (Fewa) کے قریبی آفس کا رُخ کیا۔

(جاری ہے)

مگر اُن کا کہنا تھا کہ بل بنانے کوئی خرابی نہیں، میں نے اس بار بجلی زیادہ استعمال کی ہے۔ اُردن سے تعلق رکھنے والے عدنان عبدالباسط نے بھی اسی طرح کے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ اُس کے مطابق اس بار اُسے اگست کے بجلی کے بل کی مد میں 800امارتی درہم ادا کرنے پڑے ہیں۔ جو کہ نہ سمجھ آنے والی بات ہے کیونکہ پہلے میرا بل کبھی بھی 400 درہم سے زائد نہیں آیا۔

اس حوالے سے فیڈرل الیکٹریسٹی اتھارٹی سے رابطہ کرنے پر یہی جواب مِلا کہ ریڈنگ میں کوئی مسئلہ نہیں، بلکہ اگست کے مہینے میں پچھلے سالوں کی نسبت سب سے زیادہ بجلی استعمال کی گئی ہے۔ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد صالح نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ بجلی کے استعمال میں احتیاط سے کام لیں، کیونکہ گرمی کے دوران لوگ بجلی کا بے جا استعمال کرتے ہیں اور پھر اُنہیں شکایت ہوتی ہے کہ بل بہت زیادہ آئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس بار جُون کے مقابلے میں جولائی میں زیادہ بجلی استعمال ہوئی ہے، جبکہ رواں موسم گرما کے دوران بجلی کی سب سے زیادہ کھپت اگست میں نوٹ کی گئی۔ اس وقت مُلک میں بجلی کنکشنز کی تعداد تین لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جبکہ پانی کے صارفین کی گنتی دو لاکھ ستّر ہزار بتائی جاتی ہے۔