پاک بھارت کرکٹ سیریز کے معاہدے کو توڑنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی خلاف کئے گئے پی سی بی کے کیس کی سماعت یکم اکتوبر سے دبئی میں ہوگی

پیر 24 ستمبر 2018 16:09

پاک بھارت کرکٹ سیریز کے معاہدے کو توڑنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی خلاف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) پاک بھارت کرکٹ سیریز کے معاہدے کو توڑنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف کئے گئے پی سی بی کے کیس کی تین روزہ سماعت یکم اکتوبر سے تین اکتوبر تک آئی سی سی ہیڈ کوارٹر دبئی میں ہوگی۔ کیس میں پی سی بی کی نمائندگی خواجہ احمد حسین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان، الیگزینڈر وز پانیاڈز آف کلفورڈ چانس لندن، ان کے وکلاء، ایل ایم اے ابراہیم حسین کے وکلاء اور پی سی بی جی ایم لیگل سلمان نصیر کریںگے۔

کیس کی سماعت مائیکل بیلوف کیو سی، چیئر پرسن جان پولسن اور اینا بیلے بینٹ کریں گے۔ کیس کی سماعت پرائیویٹ ہوگی اور فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔ کمیشن اس معاملے کی سماعت آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں 3 روز تک کرے گا۔ 2014ء میں پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈز کے درمیان پانچ سال میں 8 سیریز کھیلنے کا معاہدہ ہوا تھا جس کی بھارتی بورڈ نے پاسداری نہیں کی، اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے مابین آٹھ سیریز کھیلی جانی تھیں جن میں 5 سیریز کا میزبان پاکستان تھا جبکہ تین سیریز بھارت میں طے تھیں۔

(جاری ہے)

معاہدے کی خلاف ورزی پر پی سی بی نے بھارتی بورڈ پر 60 ملین ڈالر ہرجانے کا دعوی کررکھا۔ بھارتی بورڈ کا موقف رہا ہے کہ ان کی حکومت سیریز کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی جس پر پی سی بی نے اپنا کیس آئی سی سی کو بجھوا رکھا ہے، آئی سی سی کا 3 رکنی کمیشن دونوں بورڈز کا موقف سننے کے بعد فیصلہ دے گا۔ پی سی بی اپنے حق میں فیصلہ ہونے کے بارے میں کافی پرامید ہے ۔