ہزارہ میں ڈینگی پھر سر اٹھانے لگا،

اے ٹی ایچ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری

پیر 24 ستمبر 2018 16:17

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) ہزارہ میں ڈینگی وائرس ایک مرتبہ پھر سر اٹھانے لگا، ایوب ٹیچنگ ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کو داخل کرا دیا گیا ہے۔ دونوں ہسپتال میں داخل ہونے والے زیادہ تر مریضوں کا تعلق دیگر اضلاع سے ہے، بعض دیگر علاقوں سے مہمان کے طور پر ضلع ایبٹ آباد آئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت نے ڈینگی وائرس کے پیش نظر ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں مچھر مار سپرے شروع کر دیا ہے، ایوب ٹیچنگ ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایک درجن سے زائد مریض اب تک داخل ہو چکے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد ڈاکٹر شاہ فیصل خانزادہ نے بتایا کہ ایبٹ آباد کے تمام علاقوں میں مچھر مار سپرے کا کام زوروں پر جاری ہے جس کی وجہ سے ضلع ایبٹ آباد شہر اس مرتبہ ڈینگی کا ابھی تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ہری پور، مانسہرہ اور کراچی سے مہمان آئے مریض ڈینگی سے متاثرہ زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مچھر مار سپرے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ ڈینگی کی افزائش کو روکا جا سکے۔