مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج کےمظالم کا سلسلہ بدستورجاری

بھارتی فوج نےسرچ آپریشن میں مزید3 نوجوانوں کو شہید کردیا،گزشتہ24 گھنٹوں میں شہداء کی تعداد5 ہوگئی،کشمیر میڈیا سروس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 24 ستمبر 2018 16:58

مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج کےمظالم کا سلسلہ بدستورجاری
سری نگر(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 ستمبر 2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے، بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران مزید 3 نوجوانوں کو شہید کردیا ہے، جبکہ عالمی طاقتیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے کشمیری عوام پرظلم وجبر کی انتہاء کردی ہے۔

 بھارتی فوج کے ہرگزرتے دن کے ساتھ کشمیریوں پر انسانی حقوق   کی خلاف ورزی کی کاروائیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ بھارتی فورسز کشمیر میں کشمیری نوجوانوں اور تحریک آزادی کے حق میں آواز اٹھانے والوں کیخلاف اندھا دھند فائرنگ اور ہتھیاروں کا استعمال کررہی ہیں۔ تاکہ کشمیری عوام آزادی کے حق میں آواز بلند کرنا ترک کردیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کے ضلع کپواڑہ میں کشمیری نوجوانوں کیخلاف کاروائی میں 3نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اتوار کو بھی 2 نوجوانوں کوشہید کیا گیا تھا۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں بھارتی فوج نے5کشمیری نوجوانوں کوشہید کر دیا ہے۔ واضح رہے بھارت رواں سال 150 سے زائد کشمیریوں کوشہید کرچکا ہے۔ بھارتی فوج کی کاروائیوں میں سینکڑوں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پیلٹ گن کے استعمال سے 6 ہزار کشمیریوں کی بینائی متاثر ہوئی۔ اسی طرح ایل اوسی کے واقعات میں متعدد پاکستانی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب بھارت نے پاکستان کی مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی پیشکش کونہ صرف مسترد کردیا ہے۔ بلکہ بھارتی آرمی چیف نے گیدڑ بھبھکیاں بھی لگائی ہیں۔ تاہم پاکستانی قوم نے متحد ہو کر بھارت کو دوٹوک الفاظ میں پیغام دیا ہے کہ پاکستان دفاع ناقابل تسخیر ہے پاک فوج جنگ کیلئے تیار ہے لیکن ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔