جرائم میں ملوث 175پولیس افسران واہلکاروں کی فہرست تیارکرلی گئی

ْفہرست میں دو ڈی ایس پیز اور 1 1انسپکٹرز کے نام بھی شمال ہیں، احتساب کا عمل جاری رہے گا،پولیس چیف

پیر 24 ستمبر 2018 17:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) کراچی میں ملزمان کے ساتھ مل کر جرائم کی سرگرمیاں کرنے والی175 افسران و اہلکاروں کی لسٹ تیار کرلی گئی۔ کراچی پولیس چیف کے مطابق پولیس کے اندر احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف تھانوں میں موجود پیچی ریکارڈ کے حامل افسران اور اہلکاروں کی لسٹ تیار کرلی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق 175 افسران اور اہلکاروں کی لسٹ میں دو ڈی ایس پیز اور11انسپکٹرز بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ افسران اور اہلکار جرائم پیشہ افراد کے ساتھ مل کر منشیات فروشی اور لینڈ گریبنگ سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔ ان میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو پولیس افسران کیلئے منتھلیاں(ماہانہ بھتہ)بھی جمع کرتے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائیگی کہ یہ افسران اور اہلکار جن جرائم پیشہ افراد کے ساتھ مل کر کام کرتے تھے ان کو گرفتار کروانے میں پولیس کا ساتھ دیں۔

امیر شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس کے اندر احتساب کا عمل جاری ہے گااور اس کے علاوہ بھی اگر کوئی افسر یا اہلکار کسی جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث ہوا تو اس کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔