امریکی سفیر پال جونز نے اسلام آباد امریکی سفارتخانہ میں بطور ناظم الامور ذمہ داری سنبھال لی

پاکستان واپس آ کر بے انتہا خوشی ہوئی ہے، ملک کے گرم جوش اور مہمان نواز لوگوں، خوبصورت نظاروں اور لذیذ کھانوں سے دوبارہ آشنا کرنے کا منتظر ہوں ، پال جونز

پیر 24 ستمبر 2018 17:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) امریکی سفیر پال جونز نے پیر کو یہاں امریکی سفارتخانہ میں بطور ناظم الامور اپنی ذمہ داری سنبھال لی ہے ۔امریکی سفارتخانے کے مطابق سفیر پال جونز پاکستان میں متعین امریکی مشن کی جانب سے پاکستانی اور امریکی عوام کے مابین تعلقات کو مزید گہرا بنانے کے لئے جاری کوششوں کی قیادت کریں گے وہ پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر ملک کے مستحکم، محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لئے کام کریں گے۔

اس مشترکہ کوشش کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اورپاکستان میں امریکی مشن کی رہنمائی کے لئے سفیر پال جونز پیشہ ورانہ تجربہ اور سفارتی صلاحیتوں سے مالامال ہیں۔ پاکستان پہنچنے کے بعد جونز پالنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اٴْنہیں پاکستان واپس آ کر بے انتہا خوشی ہوئی ہے اور وہ خود کو ملک کے گرم جوش اور مہمان نواز لوگوں، خوبصورت نظاروں اور لذیذ کھانوں سے دوبارہ آشنا کرنے کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

سفیر پال جونز امریکی محکمہ خارجہ کی سینئر فارن سروس کے کیریئر ممبر ہیں۔انہوں نے پولینڈ مں 2015 سے 2018 تک بطور سفیر خدمات سرانجام دیں ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے بطور پرنسپل نائب معاون وزیر خارجہ برائے یورپ اور یورو۔ایشیائی امور ( 2013 سے 2015 )،ملائشیا میں بطور امریکی سفیر(2010 سے 2013 تک ) ، بیک وقت نائب امریکی خصوصی ایلچی برائے افغانستان و پاکستان اور نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی ا یشیائی امور( 2009 سے 2010 ) کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

وہ منیلا،فلپائن میں امریکی سفارتخانہ، ادارہ برائے یورپی سلامتی وتعاون ( اوسی ای ) میں امریکی مشن اور اسکوپجی، مقدونیہ میں امریکی سفارتخانہ میں نائب سفیر کے فرائض بھی نبھاچکے ہیں۔ ان کے اعزازات میں صدارتی ایوارڈ برائے اعلیٰ خدمات، رابرٹ سی فریشیوئر میموریل ایوارڈ برائے قیامِ امن اور متعدد سپیرئرآنر ایوارڈ زشامل ہیں۔

وہ ہسپانوی، روسی اور تھوڑی بہت پولش زبان بولتے ہیں۔ انہوں نے کارنیل یونیورسٹی سے گریجویشن اور یونیورسٹی آف ورجینیا اور نیول وار کالج سے ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔ وہ ایوارڈ یافتہ اور فری لانس مصنفہ کیتھرین جونز سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں۔ اٴْن کے دو بچے ایلکسنڈرا اور ہیل ہیں۔