جنوبی ایشیا میں کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے جس سے لاکھوں جانیں ضائع ہوچکی ہیں :فریڈم پارٹی

بھارت کی قیادت اپنے سیاسی فائدے کے لیے اشتعال انگیز بیانات دے کر اپنے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے

پیر 24 ستمبر 2018 18:07

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ بھارت کو یہ حقیقت تسلیم کرلینی چاہیے کہ جنوبی ایشیا میں تنائو اور کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے جس سے اب تک لاکھوں انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہاکہ اسی مسئلے کی وجہ سے خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ لگی ہوئی ہے اور غربت و افلاس میں مبتلا لوگوں کی فلاح و بہبود کے بجائے اربوں روپے کی خطیر رقم ہتھیار جمع کرنے میں صرف کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حقیقت یہی ہے کہ بھارت اور پاکستان میں سے کوئی بھی ملک جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی قیادت اپنے سیاسی فائدے کے لیے ایک مخصوص وقت پر اشتعال انگیز بیانات دے کر اپنے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ نئی دلی نے کشمیریوں کی مبنی بر حق جد و جہد کو دبانے کیلئے ہرقسم کے ہتھکنڈے آزمائے ہیں لیکن کشمیری عوام کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کے پاس اب بھی موقع ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میںظلم و جبر بند کرے، تمام سیاسی قیدیوں کوہا کرے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے کیونکہ اس کے بغیر کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔