ایف ایم سی انٹرنیشنل مینز سکواش چمپئن شپ 2018ء 7 اکتوبر سے لاہور میں شروع ہوگی

پیر 24 ستمبر 2018 19:18

ایف ایم سی انٹرنیشنل مینز سکواش چمپئن شپ 2018ء 7 اکتوبر سے لاہور میں شروع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ایف ایم سی انٹرنیشنل مینز سکواش چمپئن شپ 2018ء 7 اکتوبر سے لاہور میں شروع ہوگی۔ سیکرٹری پنجاب سکواش ایسوسی ایشن شیراز سلیم کے مطابق چیمپئن شپ میں پاکستان کے علاوہ مصر، ملائیشیا، انگلینڈ، فرانس، ہانگ کانگ، جرمنی اور آئرلینڈ کے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

شیراز سلیم کے مطابق 20 ہزار ڈالرز کے اس ایونٹ کی خوش آئند بات کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ غیرملکی کھلاڑی بھی اس مینز ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں۔ 24 کھلاڑی مین رائونڈ میں حصہ لیں گے۔ چیمئپن شپ کا فائنل 12 اکتوبر 2018ء کو ہوگا۔ شیراز سلیم کے مطابق یہ چیمپئن شپ گلاس کورٹ میں ہوگی جو کہ لاہور میں لگے گا۔ انہوں نے ایف ایم سی کے ایم ڈی فاروق شاہد کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر سال کی طرح اس سال بھی سکواش کا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سپانسر کیا۔

(جاری ہے)

شیراز سلیم کے مطابق مصر کے یوسف سلمان رینکنگ کے حساب سے ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ ہیں جبکہ پاکستانی کھلاڑی طیب اسلم چھٹے اور عاصم خان آٹھویں نمبر پر ہیں۔ پہلے آٹھ کھلاڑی ڈائریکٹر مین رائونڈ میں کھیلیں گے۔ پہلے رائونڈ کے پہلے مرحلے میں باقی سولہ کھلاڑی آپس میں مقابلہ کریں گے جن میں سے بچنے والے آٹھ ٹاپ آٹھ کھلاڑیوں کے مدمقابل ہوں گے۔افتتاحی تقریب12 اکتوبر کو ہوگی جس کے مہمان خصوصی ایم ڈی ایف ایم سی فاروق شاہد ہوں گے۔ شیراز سلیم کے مطابق پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار خود ٹورنامنٹ کی تیاریوں کو دیکھ رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کی پریس کانفرنس جلد ہی ہوگی۔