Live Updates

سرحد چیمبر اور انڈونیشیا کا باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے ،ْ تجارتی حجم میں اضافے ،ْ

سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مستفید ہونے ،خیبر پختونخوا میں ہائیڈل پاور جنریشن ،ْ آئل اینڈ گیس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق

پیر 24 ستمبر 2018 19:19

سرحد چیمبر اور انڈونیشیا کا باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری اور پاکستان میں انڈونیشیاء کے سفیر Iwan Suyudhie Amri کے مابین دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے ،ْ تجارتی حجم میں اضافے ،ْ سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مستفید ہونے ،ْ چیمبر کی سفارش پر ویزوں کے اجراء اور تجارتی وفود کے تبادلے سمیت پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا میں ہائیڈل پاور جنریشن ،ْ آئل اینڈ گیس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا ہے جبکہ انڈونیشیاء کے سفیر نے سرحد چیمبر کے صدر اور اراکین کو انڈونیشیاء کے شہر جکارتہ میں24 سے 28 اکتوبر 2018ء کو ہونیوالے ٹریڈ ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انڈونیشیاء کے سفیر نے گذشتہ روزسرحد چیمبر کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نعیم بٹ ،ْ نائب صدر ملک نیاز محمد اعوان ،ْ نو منتخب صدر فیض محمد ،ْ چیمبر کے سابق صدر ذوالفقار علی خان ،ْ نو منتخب سینئر نائب صدر سعد خان زاہد اور نو منتخب نائب صدر حارث مفتی بھی موجود تھے ۔

سرحد چیمبر زاہداللہ شنواری نے انڈونشین سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے انڈونیشین سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں ہائیڈل پاورجنریشن ،ْ آئل اینڈ گیس اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 50 ہزار گھر تعمیر کرنے کے منصوبہسمیت صنعت و تجارت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے انڈونیشین سفیر کو خیبر پختونخوا میں فریش فروٹ ،ْ شہد ،ْ قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں ،ْ ماربل ،ْ گرینائٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ سرحد چیمبر نے حال ہی میں ترکی کے شہر استنبول میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کی جو بہت کامیاب رہی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں پاکستان اور ترکی کے سرمایہ کاروں کے درمیان B2Bمیٹنگز بھی منعقد کرائی گئیں جس کے انتہائی مثبت نتائج مرتب ہوئے۔ انہوں نے سی پیک کے حوالے سے بھی تفصیلات بتائیں اور کہاکہ انڈونیشین سرمایہ کار سی پیک منصوبہ میں مردان کے قریب اور ہری پور میںتعمیر کئے جانیوالے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کریں تو دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے انڈونیشیاء کے سفیر کی جانب سے جکارتہ میں ہونیوالے ٹریڈ ایکسپو میں خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کی شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی۔انہوں نے سرحد چیمبر کی سفارش پر بزنس کمیونٹی کو ترجیحی بنیادوں پرانڈونیشیاء کے ویزوں کے اجراء کی ضرورت اور انڈونیشیاء کی جانب سے پاکستان سے امپورٹ ہونیوالی مزید اشیاء کو بھی زیرو ریٹڈ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

پاکستان میں انڈونیشیاء کے سفیر نے سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی جانب سے صوبے میں انڈسٹریلائزیشن اور تجارت کے فروغ کے لئے چیمبر کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کو سراہا اور انڈونیشین سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے کا خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے سرحد چیمبر کے صدر اور اراکین کو انڈونیشیاء کے شہر جکارتہ میں24 سے 28 اکتوبر 2018ء کو ہونیوالے ٹریڈ ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی اور کہا کہ دونوں ممالک میں تجارتی روابط کے فروغ سے دونوں ملکوں کی معیشت کو استحکام ملے گا اور تجارتی حجم کو بڑھانے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نی سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی جانب سے معاشی اصلاحات اور تجارتی روابط کے فروغ سے متعلق سفارشات سے مکمل طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں ہر ممکن تعاون کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیاء پاکستان کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور مسلم ممالک ہونے کے ناطے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور رشتوں کا فروغ اُن کی ترجیحات میں شامل ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور انڈونیشیاء کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی بدولت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہو رہا ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ بیلنس آف ٹریڈ بڑھے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ٹی اے کی وجہ سے 20 مزید آئٹمز کو زیرو ریٹڈ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے سرحد چیمبر کے صدر کو یقین دلایا کہ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سفارش پر چیمبر کے ممبران کو 3 سے 4 روز کے اندر ویزے جاری کئے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات