ڈی ایس ریلوے لاہور کا قصور،پاکپتن سیکشن کا دورہ،سٹیشنوں پر صفائی اور مسافروں کیلئے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا

پیر 24 ستمبر 2018 20:12

لاہور۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور ڈویژن محمد سفیان سرفراز ڈوگر نے قصور اورپاکپتن سیکشن کا سالانہ معائنہ کیا، معائنے کے دوران تمام سٹیشنوں پر صفائی ستھرائی، صاف پانی، بجلی اور سٹیشنوں پر مسافروں کیلئے دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ ریلوے لائن کی الائنمنٹ، لیول کراسنگز، وے اینڈ ورکس، برجز سٹیشنز بائونڈری اور سٹیشنز ریکارڈز کا تفصیلی معائنہ بھی کیا ، اس موقع پرریلوے لاہور ڈویژن کے ڈویژنل کمرشل آفیسر غلام فرید، ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر ناصرنذیر، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ذوالفقار احمد، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر سید اکبر علی شاہ، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر محمد احمد قریشی، ڈویژنل مکینیکل انجینئر محمد ادریس، ڈویژنل ٹیلی کام انجینئر محمد ابرار سیال، اسسٹنٹ سگنل انجینئر عمیر طاہر اسسٹنٹ انجینئر برج محمد اشرف، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر رائے ونڈ امجد اللہ بھی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کے ہمراہ تھے، سیکشن پر تمام شعبوں کے سربراہان نے ڈی ایس ریلوے کو اپنے اپنے شعبے کے متعلق بریفنگ دی اور مختلف سٹیشنوں پر ڈی ایس ریلوے کوبائونڈری والز کی عدم دستیابی اور پلیٹ فارمز کے غیر معیاری ہونے کی بھی رپورٹ کی گئی، بالخصوص سیکشنوں پر ٹرین سروس کو بہتر کرنے اور ریلوے آمدنی میں اضافے کرنے سے متعلق ڈی ایس ریلوے لاہور نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں، ڈی ایس ریلوے لاہور کاکہنا تھا کہ سیکشن پر غیر قانونی قابضین سے ایک ایک انچ ریلوے کی زمین واگزار کروائی جائے گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ریل کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے ساتھ ساتھ ریلوے مسافروں کو بہترین سفری سہولیات دینا ہے اس لیے ریلوے کے ہر اہلکار کو خندہ پیشانی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، ڈی ایس ریلوے لاہور سے مختلف مقامی وفود کے علاوہ چیئرمین منڈی احمد آباد مرزا ناظم بیگ اور صدر انجمن تاجران منڈی عثمان والہ غلام رسول نے بھی ملاقات کی اور ریل سے متعلق اپنے مسائل بتائے، اس موقع پر ٹرینوں کی تعداد بڑھانے، سٹیشنز کی بائونڈری والز اور سٹیشنوں کی عمارات کو اصل حالت میں بحال کرنے کے مطالبات کیے گئے جس پر انہوں نے وفاقی وزیرریلوے کے وژن کو دہراتے ہوئے کہا کہ ریلوے اپنے مسافروں کو کم وقت میں زیادہ سہولیات دینا چاہتی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پسنجر ٹرینوں کی بحالی ریلوے انتظامیہ کے ایجنڈامیں شامل ہے، دریں اثناء انہوں نے اچھی کارکردگی کے اہل محمد اختر گینگ مین اور اسسٹنٹ سٹیشن ماسٹر منڈی احمد آباد محمد راشد کو فی کس 1000 روپے کیش انعام سے نوازا۔