صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے یونیورسٹی سٹاف یونین کے مشترکہ وفد کی ملاقات ، جامعہ کے خلاف منفی پروپیگنڈا اور تشخص کو متاثر کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا جائے گا، سٹاف یونین

پیر 24 ستمبر 2018 21:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے یونیورسٹی سٹاف ایسوسی ایشن( اسوہ)، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (آسا) اور آفیسرز ایسوسی ایشن (اوا) کے مشترکہ وفد نے ملاقات کی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ جامعہ کے خلاف شروع کئے گئے منفی پروپیگنڈا اور تشخص کو متاثر کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ منفی خبروں کو بنا تحقیق نشر کرنے پر نہ صرف سنسنی پھیلتی ہے بلکہ جامعہ میں موجود 32 ہزار طلباء کے والدین بھی پریشانی کا شکار ہوتے ہیں اور ادارے کی ساکھ و تشخص پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ جملہ ملازمین اور طلباء و طالبات کو آگاہ کیا جائے کہ ان کے حقوق کے تحفظ سے متعلقہ مسائل کیلئے مناسب فورمز جامعہ میں موجود ہیں جنہیں استعمال کرکے ادارے اور ذاتی تشخص کو بہتر طریقے سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے جبکہ میڈیا اور ریاست کے دیگر باعزت ستونوں کو تب اس کا حصہ بنایا جائے جب متعلقہ فورمز سے جواب نہ آئے۔

(جاری ہے)

وفد کا کہنا تھا کہ کچھ شرپسند عناصر یونیورسٹی کے تاثر کو خراب کرنا چاہتے ہیں اور ان کے ان اقدامات کی مذمت کی جاتی ہے۔ ملاقات میں آسا کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سعید بادشاہ، صدر اوا سجاد صدیقی، صدر اسوہ محمد طارق اور نائب صدر اسلامی یونیورسٹی طاہر خلیلی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :