Live Updates

آئی ٹی برآمدات کی مقدار بڑھانا ہماری خصوصی ترجیح ہے‘صوبائی مشیر برائے آئی ٹی کامران بنگش

خیبر پختونخوا حکومت پہلے مرحلے میں ریونیو ‘ پولیس اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے محکموں کا ریکارڈ کمپیوٹر ائزڈ کرے گی وزیر اعظم عمران خان عوام کی امیدوں کا آخری سہارا ہیں ، ان کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو ہر صورت پورا کیاجائیگا ،خصوصی انٹرویو

پیر 24 ستمبر 2018 21:59

پشاور۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے تحت خیبر پختونخوا حکومت نے اگلے پانچ سالوں میں انفار میشن ٹیکنالوجی برآمدات دس ارب ڈالر تک بڑھا نے کیلئے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں ‘ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخو اکے خصوصی مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے اس حوالے سے ’’ اے پی پی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے تحت آئی ٹی برآمدات کی مقدار بڑھانا ہماری خصوصی ترجیح ہے اور تمام متعلقہ شعبوں کے تعاون سے اگلے پانچ سالوں میں دس ارب ڈالر کے حصول کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں پھلنے پھولنے کی بے انتہا گنجائش ہے اور اور موجودٹیلنٹ سے استفادہ کرتے ہوئے موجودہ ایک ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا حجم بڑھا کر آئندہ پانچ سالوں میںدس ارب ڈالر تک لے جایا جاسکتا ہے اور صوبائی حکومت اس موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ معیشت کی مضبوطی ‘ سرکاری محکموں کی ڈیجٹلائزیشن ‘ اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کیلئے کشش ‘ نئے صنعتی یونٹوں کے فروغ اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے آئی ٹی برآمدات بنیادی اہمیت کے حامل ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونے سے اقتصادی ترقی کا گراف اوپر جائے گا جس سے فنڈز کی استعمال میں شفافیت آئیگی اور صوبے میں گڈ گورننس یقینی ہوجائیگی۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت پہلے مرحلے میں ریونیو ‘ پولیس اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے محکموں کا ریکارڈ کمپیوٹر ائزڈ کرے گی جس سے عوام کو خدمات کی فراہمی میں آسانی اور تیزی آئیگی ۔

کامران بنگش نے کہا کہ الیکشن کمپین 2018 ء کے دوران پی ٹی آئی کے اعلان شدہ 100 دنوں کے پلان پر عملدر آمد کیلئے تمام محکموں کو خصوصی ہدف دیئے گئے ہیں جو متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے حاصل کرلیے جائیںگے ۔ انہوں نے کہاکہ اگلے ایک ہزار سے زائد پرائمری ‘ ہائی اور ہائر سکنڈری سکولوں میں کمپیوٹر لیبارٹریاں قائم کی جائیںگی ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے گزشتہ دور حکومت کے دوران کیے گئے کام کو آگے بڑھاتے ہوئے موجودہ حکومت معاشی ترقی کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ آئی ٹی سے متعلق پراجیکٹس میں نجی شعبوں کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کیلئے پشاور اور ایبٹ آباد میں آئی ٹی پارکس فعال کیے گئے ہیں۔انہوںو نے کہاکہ 2011ء میں پی ٹی آئی کی گزشتہ صوبائی حکومت نے پہلا کے پی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ قائم کیا جس کا مقصد نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف علوم اور تصوارات سے آراستہ کرنا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کا انحصار ٹیکنالوجیکل ‘ ڈیجٹلائزیشن پر ہے اور یہ آئی ٹی پارکس ان کی مستقبل کی ضروریات پوری کرتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں انقلاب برپا کرینگی۔کامران بنگش نے کہاکہ درشل ( دہلیز ) کے نام سے ایک جامع منصوبہ شروع کیاگیا ہے جس کے تحت سپیشل ایجوکیشن اوربزنس پروگرام پہلے مرحلے میں صوبے کے آٹھ اضلاع میں شروع کیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ درشل کے تحت آئی ٹی پروجیکٹس کی نگرانی کی جائیگی اور اچھی کارکردگی پر اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی ۔ا نہوںنے کہاکہ درشل مراکز کا مقصد آئی ٹی کے شعبے میں موجود مواقعوں سے عوام کو روشناس کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان مراکز کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ کمزور طبقات خصوصاًً خواتین کو تجارت کے میدان میں آگے لانا ہے۔انہوں نے کہاکہ پچھلی حکومت نے مردان ‘ صوابی ‘ سوات اورپشاور میں یہ مراکز قائم کیے تھے جبکہ موجودہ حکومت کے تحت خیبر پختونخوا کے مزید آٹھ اضلاع تک ان مراکز کو وسعت دی جائیگی ۔

انہوں نے کہاکہ درشل پروگرام مقامی حکومتوں ‘ آئی ٹی صنعتوں ‘ بز نس منیجروں اور سرمایہ کاروں کو منسلک کرنے کا اہم ذریعہ ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے مذکورہ افراد ڈیجٹل ٹرانسفار میشن کے میدان میں انقلاب لاتے ہوئے کئی گنا منافع حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میرٹ کی بلا دستی ‘ بدعنوانی کے خاتمے ‘ بہتر حکمرانی اور صوبے میں ڈائریکٹ بیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے پی ٹی آئی حکومت آئی ٹی کے شعبے میں منصوبہ بندی اور عملدرآمد پر سرمایہ کاری کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان عوام کی امیدوں کا آخری سہارا ہیں اور ان کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو ہر صورت پورا کیاجائیگا ۔انہوں نے کہاکہ دیا میربھاشا اور مہمند ڈیمز کیلئے پی ایم ۔سی جے پی فنڈانتہائی اہم ہیں اور زندگی کے تمام شعبوں وابستہ افراد اس کار خیر بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کی درخواست ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات