کوئٹہ، الیکشن ٹریبونل انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستوں پر سماعت

فریقین کی جانب سے مہلت کی استدعا منظور ، عدالت نے لشکری رئیسانی کی درخواست پر سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی

پیر 24 ستمبر 2018 22:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) الیکشن ٹریبونل میںنوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستوں پر سماعت فریقین کی جانب سے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے عدالت نے لشکری رئیسانی کی درخواست پر سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 پر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی انتخابی عذرداری سے متعلق درخواست کی سماعت الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس عبداللہ بلوچ نے کی سماعت کے دوران درخواست گزار نوابزادہ لشکری رئیسانی اور انکے وکیل محمد ریاض احمد ایڈووکیٹ الیکشن ٹربیونل کے سامنے پیش ہوئے دوران سماعت ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے عنایت کاسی ،ایڈوکیٹ جنرل رئوف عطاء سمیت الیکشن کمیشن کا نمائندہ ٹریبونل میں پیش ہوا۔

(جاری ہے)

الیکشن ٹربیونل نے قاسم سوری کے وکیل کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا منظور کر تے ہوئے نوابزادہ لشکری رئیسانی کی درخواست پر سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی ۔علاوہ ازیں الیکشن ٹربیونل میںپی بی 31 پر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی انتخابی عذرداری سے متعلق درخواست پر سماعت الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس عبداللہ بلوچ نے کی دوران سماعت درخواست گزار نوابزادہ لشکری رئیسانی اور انکے وکیل محمد ریاض احمد ایڈوکیٹ الیکشن ٹربیونل میں پیش ہوئے دوران سماعت پی بی 31 سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے بھی الیکشن ٹربیونل میں پیش ہوئے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے کی جانب سے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت کی استدعا منظورکرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل نے پی بی 31 پر انتخابی عذرداری سے متعلق کیس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔

واضح رہے کہ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے این اے 265 اور پی بی 31 کے نتائج کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا ہے ۔