پی ٹی آئی تبدیلی کے نام پر بے تحاشہ ٹیکسوں کے ذریعے غریبوں کا خون نچوڑرہی ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

حکومت غریبوں اور متوسط طبقات کے لوگوں کے زندگیوں کو اجیرن کرنے والی پالیسیوں کو فی الفور ترک کرے ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 24 ستمبر 2018 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تبدیلی کے نام پر بے تحاشہ ٹیکسوں کے ذریعے غریبوں کا خون نچوڑرہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہو ںنے مزید کہا کہ اس وقت ملک بھر میں مہنگائی کی نہایت خطرناک کالی گھٹا تیزی سے پھیل رہی ہے ۔

کنزیومر پرائس انڈیکس یا صارفین کے لیے قیمتوں کے اعدادوشمار چیخ چیخ کر یہ بتا رہے ہیں کہ مہنگائی نے غریبوں اور متوسط طبقات کے افراد کی کمر توڑ دی ہے ۔ سبزیاں اور اشیائے خوردو نوش سمیت صحت و تعلیم کی سہولیات روز بروز مہنگی ہوتی چلی جار ہی ہیں ، ایسے میں ایک عام آدمی کو گھر کا چولہا جلائے رکھنے اور ضروریات زندگی کے اخراجات پورے کرنے کی خاطر سخت ترین جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

غریبوں اور متوسط طبقات کے لوگوں کے پاس گھریلوضروریات حیات کی اشیا ء ناپید ہو چکی ہیں، عوام ٹیکسوں کی عجیب طرح کی غربت کی چکی میں پس رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیںہیں، بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری ملک و قوم کے لیے بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ، نوجوان ڈگریوں کے باوجود نوکریوں کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں بیشتر نوجوان مایوس ہو کر برے راستوں پر چلنے پر مجبور اور بعض منشیات کی طرف راغب ہوجا تے ہیں ۔ ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غریبوں اور متوسط طبقات کے لوگوں کے زندگیوں کو اجیرن کرنے والی پالیسیوں کو فی الفور ترک کرے اور اپنے اعلانات کے مطابق تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے باز رہے ۔