خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب میں روزگار کے حصول کے لیے مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا نوٹس لیں اور معاونت فراہم کریں، مصطفی کمال بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا اہم اثاثہ ہیں اور کسی بھی پاکستانی کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی زمہ دار باضابطہ طور پر وفاقی حکومت ہوگی

پیر 24 ستمبر 2018 23:01

خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب میں روزگار کے حصول کے لیے مقیم پاکستانیوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے پاکستان کے موجودہ خراب معاشی حالات کے سبب خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب میں روزگار کے حصول کے لیے مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک روزگار تلاش کرنے والے پاکستانیوں کی اولین ترجیح دینی لحاظ سے مقدس ہونے کی وجہ سے سعودی عرب ہے۔

لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب میں محنت مشقت کرتے ہیں اور روزگار کماتے ہوئے سعودی عرب کی معیشت کو ترقی دینے کے لیے اپنا خون پسینہ بہاتے ہیں۔ لیکن بعض واقعات میں پاکستانیوں کو اقامے کے اجرائ اور اجرت میں کٹوتی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ اپنے گھروں سے دور روزگار کے لیے آئے ہوئے افراد کا مکمل طور پر انحصار اپنے کفیل پر ہوتا ہے جو سیاہ سفید کا مالک ہوتا ہے اور وہ پاکستانی پھر چاہ کر بھی سخت سعودی قوانین کی وجہ سے کوئی قانونی مدد حاصل نہیں کر پاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے درجنوں واقعات میں کئی پاکستانی سعودی جیلوں میں قید ہیں، بعض کیسز میں اچھی نوکری اور مراعات کا جھانسہ دے کر پاکستانیوں کو سعودی عرب بلایا جاتا ہے لیکن وہاں پہنچنے کے بعد طے شدہ کام اور تنخواہ کے بجائے کوئی دوسرا کام کم تنخواہ پر لیا جاتا ہے اور پاسپورٹ لے کر کمپنی کے پاس رکھ لیا جاتا ہے جس کی وجہ بندہ دیار غیر میں مجبوراً مفلسی کی زندگی بسر کرتا ہے اور پیچھے اہل خانہ بھی سخت ذہنی اذیت اور کرب کا شکار رہتے ہیں۔

سید مصطفیٰ کمال نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس مسئلے کی سنگینی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اہمیت کو سمجھ کر احساس زمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی معاونت کریں اور وہاں قائم پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے کسی بھی مسئلے میں پھنسے پاکستانی باشندے کے احوال کا پورا جائزہ لیں اور سفارتی تعلقات استعمال کرتے ہوئے قانونی مدد فراہم کریں کیونکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا اہم اثاثہ ہیں اور کسی بھی پاکستانی کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے کی زمہ دار باضابطہ طور پر وفاقی حکومت ہے۔