پاک مصر دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گی: نور الحق قادری

جامعہ الازہر پاکستانی طلبا کے سکالرشپ ، آئمہ و خطبا کے تربیتی کورس کی نشستیں بڑھائیگی، مصری سفیر

پیر 24 ستمبر 2018 23:17

پاک مصر دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) پاک مصر دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔جامعہ الازہر کی میانہ روی اور اعتدال پسندی کی پالیسی سے مکمل اتفاق کرتے ہیں۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے پاکستان میں مصر کے سفیر احمد فضل محمد یعقوب سے پیر کے روز اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔

تفصیلات کے مطابق مصری سفیر اور وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری کے درمیان دو طرفہ دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ مصر اسلامی دنیا اور خطہ عرب کا ایک اہم ملک ہے۔ پاکستان اور مصر کے مسائل ایک جیسے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہم آپس کے تعلقات میں ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے عنقریب شیخ الازہر (گرینڈ امام)مصر کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی جائے گی۔ دونوں ممالک کے علما اور دینی طبقات کی باہم ملاقاتیں اور علما وفود کا تبادلہ کیا جائے گا۔ مصر کی عظیم درسگا ہ جامعہ الازہر میں پاکستانی طلبا کے سکالرشپ کی تعداد بڑھانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے مصری سفیر احمد فضل محمد یعقوب نے کہا کہ جامعہ میں پاکستانی طلبا کے سکالرشپ کی تعداد کو آپ کی خواہش کے مطابق بڑھایا جائے گا۔

مختلف مسالک اور تنظیمات المدارس کی مشاورت سے ملک بھر کے طلبا کو جامعہ الازہر میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ پاکستانی آئمہ و خطبا کیلئے 3ماہ کے تربیتی کورس جامعہ الازہر کی زیر نگرانی مصر میں کروائے جائیں گے۔ سفیر نے مزید کہا کہ ہم اپنے ملک کی اہم مذہبی امور ثقافتی کتب کا اردو ترجمہ کروائیں گے۔ مصری عوام کو علامہ اقبال کی حکیمانہ اور فلسفانہ شاعری سے روشناس کروانے کیلئے ان کے کلام کا عربی ترجمہ بھی کروایا جائے گا ۔