کوئٹہ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کے لئے بے پناہ اہمیت رکھتا ہے،جام کمال خان

ہماری نوجوان نسل کا بہتر مستقبل اس منصوبے سے وابستہ ہے، ہماری کوشش ہے کہ سی پیک منصوبے میں اپنے نوجوانوں کو فعال کردار ادا کرنے کے لئے تیار کریں، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے چین اہم کردار ادا کرسکتا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

پیر 24 ستمبر 2018 23:31

کوئٹہ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کے لئے ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کے لئے بے پناہ اہمیت رکھتا ہے اور ہماری نوجوان نسل کا بہتر مستقبل اس منصوبے سے وابستہ ہے، ہماری کوشش ہے کہ سی پیک منصوبے میں اپنے نوجوانوں کو فعال کردار ادا کرنے کے لئے تیار کریں، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے چین اہم کردار ادا کرسکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی سفیر مسٹر یاؤجنگ (Mr.Yao Jing) سے بات چیت کرتے ہوئے کیاجنہوں نے ان سے بلوچستان ہاؤس میں ملاقات کی۔

چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، سیکریٹری آبپاشی، سیکرٹری محنت اور سیکریٹری توانائی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات سی پیک کے تحت گوادر اور دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے ذریعہ بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرکے ہنرمند بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک ملک اور صوبے کے معاشی استحکام کی بنیاد بنے گا اور اس عظیم منصوبے میں بلوچستان کا اہم کردار ہے، بلوچستان کے معدنی ودیگر وسائل کی ترقی سے سی پیک کی افادیت میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈٹریڈ کو فعال کیا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذیعہ ایک چھت کے نیچے تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی ممکن ہوسکے۔

وزیراعلیٰ نے سی پیک کے تحت صوبے میں مجوزہ صنعتی زونز کے منصوبوں پر عملدرآمد کے علاوہ منرل زونز اور منرل پارک کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ چینی سفیر نے وزیراعلیٰ کے موقف سے اتفاق کیا اور کہا کہ سی پیک میں گوادر پورٹ اور بلوچستان کا بنیادی کردار ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے نشاندہی کئے گئے امور کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔