سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا: چودھری شجاعت حسین،

پرویزالٰہی، طارق بشیر چیمہ حرمین شریفین کا تحفظ اور سعودی عرب کا دفاع ہر پاکستانی اپنا فرض سمجھتا ہی: سعودی سفیر کے عشائیہ میں شرکت کے موقع پر گفتگو

پیر 24 ستمبر 2018 23:36

سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا: چودھری شجاعت حسین،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی سفیر کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا ایک ایسا بھائی اور دوست ہے جو ہر مشکل اور آڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، بیرونی جارحیت ہو یا کوئی داخلی مسئلہ سعودی فرمانروائوں نے ہمیشہ اس کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔

مختلف سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے مخلص، برادرانہ اور دوستانہ رویہ کی وجہ سعودی حکومت اور عوام کا مشکور ہے اور ہمارا بچہ بچہ مقامات مقدسہ کے تحفظ اور سعودی عرب کے دفاع کو اپنا فرض سمجھتا ہے اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام میں جو رشتہ ہے وہ اٹوٹ ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ایک ایسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ سعودی فرمانروائوں، حکومت اور عوام کی پاکستان کیلئے دلی محبت اور عملی امداد کی نہایت قدر کی ہے اور دونوں ملکوں میں بھائی چارہ کے فروغ کو بہت اہمیت دی ہے۔