سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا ڈیم فنڈز کا نام ’’ پرائم منسٹر، چیف جسٹس ڈیم فنڈ‘‘ رکھ دیا

پیر 24 ستمبر 2018 23:47

سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا ڈیم فنڈز کا نام ’’ پرائم منسٹر، چیف جسٹس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا ڈیم فنڈز کے نام میں تبدیلی کی اجازت دیتے ہوئے فنڈ کا نیا نام'' پرائم منسٹر، چیف جسٹس ڈیم فنڈ'' رکھ دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم نے فنڈ کا نام بدلنے کیلئے عدالت سے اجازت لی تھی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ یاد رہے کہ فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی درخواست اسٹیٹ بینک نے دی تھی۔

سماعت کے دوران اسٹیٹ بینک کے نمائندے نے عدالت کوبتایا کہ فنڈ کا پہلے نام سپریم کورٹ دیامربھاشا ڈیم فنڈ تھا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم نے فنڈ کا نام بدلنے کیلئے مجھ سے اجازت لی تھی، وزیراعظم نے کہا تھا کہ وہ فنڈ کو جوائن کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کا ایک مقام ہے، اس لئے فنڈ کانام تبدیل کرنے پرہمیں کوئی اعتراض نہیں، ہم نے کہا فنڈز آنے چاہئیں نام بے شک کوئی بھی ہو، ہمارا انا کا کوئی مسئلہ نہیں۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اکائونٹ کا نام تبدیل کرنے سے کچھ مشکلات آئیں گی جبکہ اشتہارات میںبھی اب فنڈ کا نام تبدیل کرنا پڑے گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پرانے اشتہارات ایسے ہی چلنے دیں تاہم نئے اشتہارات میں فنڈ کا نام تبدیل کرلیا جائے۔