حکومت نے پولیو کے حوالے سے قوم کو خوشخبری سنا دی

اگلے سال ملک سے پولیو کا صفایا ہوجائے گا،صدر مملکت

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 24 ستمبر 2018 23:19

حکومت نے پولیو کے حوالے سے قوم کو خوشخبری سنا دی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-24 ستمبر 2018ء) :حکومت نے پولیو کے حوالے سے قوم کو اچھی خبر سنا دی۔صدر مملکت عارف علوی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اگلے سال ملک سے پولیو کا صفایا ہوجائے گا۔تفصیلات کے مطابق پولیو پاکستان کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔ایک وقت تھا کہ پاکستان میں پولیو قریب قریب ختم ہو چکا تھا لیکن پھر گزشتہ کچھ سالوں میں اس بیماری نے سر اٹھانا شروع کردیا تھا۔

پولیو کے متعدد کیسسز پاکستان بھر سے سامنے آنے کے بعد نہ صرف بین الاقومی سطح پر پاکستان کو خفت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا بلکہ یہ بھی خدشہ تھا کہ پاکستان پر سخت سفری پابندیاں عائد ہو جائیں ۔تاہم اس حوالے سے تازہ ترین خبر کے مطابق پولیو کا خاتمہ قریب ہو چکا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ماضی کے سیکڑوں کیسز کے مقابلے میں رواں سال پولیو کے صرف 4 کیسز رپورٹ ہوئے جو اس ضمن میں خوش آئند ہیں۔

(جاری ہے)

تین روزہ ملک گیر پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے والی تمام ٹیموں کے اقدامات قابل تحسین ہیں جو بعض علاقوں میں زندگی کو درپیش خطرات کے باوجود ملک سے اس مہلک وائرس کے خاتمے کے لیے سرگرداں ہیں۔ اس موقع پر صدر مملکت کے ہمراہ وزیر صحت عامر کیانی، عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف سمیت دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان اور سینئر حکومتی افسران بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اس بات پر زور دیا کہ عوام ویکسینیشن ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ملک کو اس بیماری سے پاک کیا جاسکے اور انہوں نے مذہبی رہنماؤں کو پولیو ویکسین سے متعلق غلط معلومات مسترد کرنے میں کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔