تجویزی خط کو بنیاد بنا کر شہریوں میں غلط فہمی پھیلائی جارہی ہے ،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور

منگل 25 ستمبر 2018 00:00

لاہور۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبرنے کہا ہے کہ ایک تجویزی خط کو بنیاد بنا کر شہریوں میں غلط فہمی پھیلائی جارہی ہے ، سی سی پی او لاہور کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے چالان کی قیمت بڑھانے کی تجویز دی گئی، تجویز دینے کا بنیادی مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کا پابند کرنا ہے، چالان کی قیمت میں اضافہ کی تجویز نہیں بلکہ اسمبلی سے قانون پاس ہونے کے بعد ممکن ہے، لاہور میں روزانہ کئی قیمتی جانیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خطرناک حادثات کی نذر ہو جاتی ہیں،ہمیں ٹریفک قوانین پر ہر قیمت پر عملدرآمد کر کے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہئے،دنیا کی تمام مہذب قوموں نے اپنے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کر کے قانون پسندمعاشرے کی بنیاد رکھی ہے، چالان کوئی فیس نہیں بلکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جاتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ چالان کی قیمت بڑھانے کی تجویز صرف شہریوں کے اندر ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کیلئے احساس ِ ذمہ داری پیدا کرنا ہے۔