Live Updates

حکومت نے عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاری کرلی

بجلی کی قیمت میں 4 روپے اضافے کے لیے تجویز آج پیش کی جائے گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 ستمبر 2018 10:50

حکومت نے عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاری کرلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے حال ہی میں اپنا منی بجٹ پیش کیا جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق منی بجٹ پیش کیے جانے کے بعد موجودہ حکمران جماعت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ حکومت کو عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبانے پر خوب آڑے ہاتھوں لیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن حکومت میں آتے ہی پاکستان تحریک انصاف نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا ہے۔

گیس کی قیمت میں اضافے کے بعد اب حکومت نے عوام کے لیے بجلی بم کی تیاری بھی کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت آج اقتصادی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ہو گا جس میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی تجویز پیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق آج ہونے والے ای سی سی کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے سامنے بجلی چار روپے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی سمری منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔

ای سی سی کے لیے تیار کردہ سمری میں وزارت توانائی نے تجویز پیش کی ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کم سے کم 2 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 4 روپے اضافہ کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق 50 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ نرخ 2 روپے سے بڑھا کر 4 سے 6 روپے، 100 یونٹ پر ریٹ 5.79 روپے سے بڑھا کر 7 سے 9 روپے، 200 یونٹ استعمال پر 8.11 روپے سے بڑھا کر 10 سے 12 روپے کرنے کی تجویز ہے۔

وزارت خزانہ نے تجویز کیا کہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 10.20 روپے سے بڑھا کر 12 سے 14 روپے، 700 یونٹ کے استعمال پر 15.54 روپے سے بڑھا کر 17 سے 19 روپے جبکہ اس سے زائد یونٹ پر نرخ 17.27 روپے فی یونٹ سے بڑھا کر 19 سے 21 روپے کیے جائیں۔ قیمتیں بڑھنے سے صارفین پر 400 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ یاد رہے کہ اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی (ای سی سی) نے گذشتہ اجلاس میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں بھی 143 فیصد تک اضافے کی منظوری دی تھی جس سے گیس صارفین پر ماہانہ 94 ارب روپے کا بوجھ بڑھا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی کے گذشتہ اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ غریب صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب صارفین کو گیس پر یومیہ 80 پیسے اضافی دینا ہوں گے۔ ایل پی جی کی درآمد پر ٹیکس کم کر کے 10 فیصد کر دیا گیا ہے۔ تاہم اب عوام پر بجلی مہنگی کرنے کا بوجھ ڈالنے کی تیاری بھی کر لی گئی جس کا حتمی اعلان اجلاس میں منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات