Live Updates

انتخابی اخراجات کا معاملہ ، الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا

انتخابی اخراجات کے معاملے پر 96 ارکان قومی اسمبلی اور 46 ارکان صوبائی اسمبلی کو نوٹسز جاری کئے گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 ستمبر 2018 10:59

انتخابی اخراجات کا معاملہ ، الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر 2018ء) : انتخابی اخراجات کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان سمیت 96 ارکان قومی اسمبلی اور 46 ارکان صوبائی اسمبلی کو نوٹسز جاری کر دئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی اخراجات کے معاملے پر نوٹسز نوٹس انتخابی اخراجات میں مبینہ طور پر قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر جاری کیے۔

وزیراعظم عمران خان کے علاوہ جن ارکان اسمبلی کو نوٹسز جاری کیے گئے ان میں وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف بھی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین اسمبلی سے اس نوٹس پر ایک ہفتے میں جواب بھی طلب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق انتخابی اخراجات کی دستاویزات میں مطابقت نہیں پائی جاتی۔

ارکان اسمبلی نے تشہیری مہم کے دوران قانونی تقاضے پورے نہیں کئے۔ تشہیری مہم کے لیے پرنٹرز کا نام اور رابطہ نمبر لکھنا ضروری ہوتا ہے اور جمع کروائی گئی رسیدوں کی بینک اسٹیٹمنٹ کے ساتھ مطابقت ہونا بھی ضروری ہے۔ مطابقت نہ ہونے پر ہی وزیراعظم عمران خان سمیت 100 سے زائد اراکین اسمبلی کو نوٹسز جاری کیے جبکہ ایک ہفتے میں انہیں نوٹس پر جواب جمع کروانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ موصول ہونے والی خبروں کے مطابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے انتخابی اخراجات 2 کروڑ روہے سے بھی کم ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروائی گئی تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پانچ حلقوں سے انتخاب لڑا اور پانچوں حلقوں میں 40،40 لاکھ روپے کے قریب خرچ آیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروائی جانے والی تفصیلات میں بتایا گیا کہ گھر گھر پمفلٹس تقسیم کیے گئے، اخراجات گھر گھر پمفلٹس اور انتخابی مہم پر ہوئے۔ جبکہ جلسوں پر اخراجات صوبائی اور ضلعی صدور نے کیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات