Live Updates

عمران خان کے فیورٹ عثمان بزدار کی قائدانہ صلاحیتوں کا پول کھل گیا

اب تک بطور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ایک فیصلہ بھی نہیں کیا،عمران خان نے پنجاب کے تمام معاملات اپنے ہاتھ میں لے رکھے ہیں اور وہ خود تمام فیصلے کر رہے ہیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 25 ستمبر 2018 10:59

عمران خان کے فیورٹ عثمان بزدار کی قائدانہ صلاحیتوں کا پول کھل گیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 ستمبر 2018ء) معروف صحافی کامران شاہد کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جتنی تعریفوں کے پل عثمان بزدار کے باندھے اتنے آج تک کسی کے نہیں باندھے، جو عمران خان نے فرمایا اسے سن کر آنکھیں اور عقل دنگ رہ گئیں۔مجھے نہیں یاد پڑتا کہ عمران خان نے اتنی تعریفیں کبھی شاہ محمود قریشی یا کسی اور بڑے پارٹی لیڈر کی کیں ہوں۔

لیکن عمران خان جیسے شخص نے جب عثمان بزدار کی قائدانہ صلاحیتوں سے متعلق سب کو بتایا تو ہر کسی کی آنکھ میں آنسو آ گئے،کامران شاہد کا کہنا تھا کہ جب سپریم کورٹ نے ڈی پی او پاکپتن تبادلہ کیس میں عثمان بزدار کو بلایا تو اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب پسینے سے شرابور ہو کر عدالت سے باہر آئے۔عمران خان نے کہا تھا کہ عثمان بزدار ٹیم لیڈر ہیں لیکن اب تک پنجاب میں جتنے بھی فیصلے ہوئے وہ عثمان بزدار کے علاوہ سب نے کیے۔

(جاری ہے)

جو فیصلے پنجاب کے عثمان بزدار نے کرنے تھے وہی فیصلے عمران خان کر رہے ہیں۔اور وزیراعظم عمران خان شہر اقتدار سے اپنی تمام تر مصروفیات چھوڑ کر لاہور آئے اور انہوں نے وہ اعلانات کیے جو دراصل وزیر اعلی پنجاب کا کام ہوتا ہے۔عمران خان نے کہا آئندہ 48گھنٹوں میں نئے بلدیاتی نظام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ایل ڈی اے پلازہ سمیت جہاں بھی سرکاری ریکارڈ جلا اس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنائی جائے گی۔

صوبے کے تمام بڑے منصوبوں کا آڈٹ کروایا جائے گا،وزراء کے لیے کوئی چھٹی نہیں ہے۔اس کے علاوہ صحت و انصاف کارڈ سمیت کئی ایسے فیصلے ہیں جو وزیر اعلی پنجاب کی بجائے عمران خان نے کیے ہیں۔واضح رہے عمران خان نے عثمان بزدار سے متعلق کہا تھا کہ پنجاب کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو عثمان بزدار جیسا لیڈر ملا ہے۔۔ وزیراعظم نے کہا کہ سردار عثمان بزدار ٹیم لیڈر ہیں اور پوری ٹیم کو ان کی قیادت میں تبدیلی کیلئے کام کرنا ہے کیونکہ لوگوں کی توقعات بہت بڑی ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ آپ سرکاری محکموں کو چیک کریں اور ان کی کارکردگی کا تجزیہ کرکے بہتری کی تجاویز سامنے لائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ میچ جیتنے کیلئے ٹیم لیڈر کا وژن کام کرتا ہے۔ میچ بڑے کھلاڑیوں سے نہیں بلکہ جیت کے جذبے سے جیتا جاتا ہے اور پنجاب میں عثمان بزدار ٹیم لیڈر ہیں اور ان کی سربراہی میں سٹیٹس کو کے خلاف میچ جیتنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پہلی مرتبہ پنجاب میں ایک ایسا وزیراعلیٰ آیا ہے جو ایماندار ہے اور اس کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے لیکن یہ سب کو عزت دیتا ہے۔ صبح سے شام تک اور ہفتے کے سات دن عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور آپ کیلئے موجود ہوتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات