Live Updates

حکومت بنا لی لیکن اختیارات نہیں دئے، پنجاب اور خیبرپختونخواہ سے متعلق عمران خان کا اہم فیصلہ

وزیراعظم پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے بجٹ کی ترجیحات خود طے کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 ستمبر 2018 11:28

حکومت بنا لی لیکن اختیارات نہیں دئے، پنجاب اور خیبرپختونخواہ سے متعلق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات 2018ء میں شاندار کامیابی حاصل کی جس کے بعد نہ صرف خیبرپختونخواہ میں دوبارہ حکومت قائم کی بلکہ وفاق اور پنجاب میں بھی حکومت سازی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاق ، خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں حکومت سازی تو کر لی لیکن صوبائی حکومتوں کو مکمل طور پر بااختیار بنانے میں ابھی بھی ہچکچاہٹ کا شکار ہیں اور صوبائی حکومتوں کے کئی فیصلے خود ہی کرتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے بجٹ کی ترجیحات بھی خود ہی طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ کی ترجیحات خود طے کریں گے ۔

(جاری ہے)

پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومت کے حکام ایوان وزیراعظم میں عمران خان کو 9 ماہ کے بجٹ پربریفنگ دیں گے اور اس معاملے پر وزیراعظم کی ہدایات لیں گے ۔

پنجاب حکومت کے ایک سینئراہلکار نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے لاہور کے سرکاری دورے کے دوران پنجاب حکومت کو ہدایات دی تھیں کہ وہ اپنا ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ و ترجیحات پر مکمل بریفنگ دیں تاکہ ترقیاتی بجٹ کی ترجیحات اور ٹارگٹ کا فیصلہ کیا جاسکے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ترقیاتی بجٹ میں مماثلت قائم کرکے آئندہ سال کے ٹارگٹ کا فیصلہ کرنا چاہتی ہے تاکہ عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبہ جات کا آغاز اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ۔

چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیاتی بورڈ پنجاب نے تمام صوبائی محکموں سے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ پر تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ غیر ترقیاتی بجٹ میں حقیقی بچت کی پالیسی پر عمل کرکے اپنی ترجیحات فراہم کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیاتی بورڈ کی جانب سے آج بروز منگل وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دی جائے گی اور بجٹ کی ترجیحات پر وزیراعظم سے رہنمائی حاصل کی جائے گی ۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بجٹ میں تعلیم، صحت اور ماحولیات پر خصوصی توجہ دینے کے لیے پُر عزم ہے اور بجٹ کا بڑا حصہ انہی سیکٹرز پر خرچ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دونوں صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کو وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق خرچ کیا جائے گا اور غیر ترقیاتی اخراجات کو کم سے کم سطح پر لایا جائے گا۔ ترقیاتی منصوبہ جات کے ٹینڈرز کے بارے میں بھی شفاف پالیسی اپنائی جائے گی۔

پنجاب اورخیبرپختونخواہ میں جاری ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کرنے کے لئے فنڈز کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بھی عوام سے اپنے خطاب میں عمران خان نے انہی سیکٹرز پر خاص توجہ دینے کی بات کی تھی ، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم ، صحت اور ماحولیات اہم ترین سیکٹرز ہیں جن پر سرمایہ کاری کرکے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات