دُبئی:محبوبہ سے ملاقات کی خاطر غیر قانونی طریقے سے امارات میں داخل ہونے والا گرفتار

لڑکی کے والدین نے پولیس کو ملزم کے بارے میں اطلاع دی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 ستمبر 2018 11:39

دُبئی:محبوبہ سے ملاقات کی خاطر غیر قانونی طریقے سے امارات میں داخل ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 ستمبر 2018ء) دُبئی پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو کچھ عرصہ قبل ڈی پورٹ کیا گیا تھا اور اُس کے امارات میں داخلے پر پابندی عائد تھی تاہم اُس نے ایک شخص کو پانچ سو امریکی ڈالر دے کر چوری چھُپے امارات میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ تفصیلا ت کے مطابق ملزم اپنی گرل فرینڈ کو ملنا چاہتا تھا، مگر لڑکی کے خاندان والے ملزم کے اس سے ملنے کے حق میں نہیں تھے اس لیے اُنہوں نے پولیس کو اطلاع دے کر ملزم کو گرفتار کروا دیا۔

دُبئی پولیس کے انفلٹریٹر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل علی سالم الشمسی نے بتایا کہ امارات میں اکثر لوگ غیر قانونی طور پر داخل ہوتے ہیں جس کی زیادہ تر معاشی وجوہات ہوتی ہیں، لیکن یہ اپنی نوعیت کا واحد کیس ہے جس میں ایک شخص نے محض اپنی محبوبہ سے ملاقات کے لیے مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہوتے وقت اپنی جان کو خطرے میں ڈال لیا۔

(جاری ہے)

اس شخص کا دُبئی میں ذاتی کاروبار تھا، تاہم اسے منشیات کے استعمال کے جُرم میں قید ہوئی اور پھر ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

محبوبہ سے دُوری کے باعث اُسے وطن پہنچ کر بھی چین نہیں پڑ رہا تھا۔ اُس کی یہ ہم وطن محبوبہ دُبئی کے ایک کالج میں زیر تعلیم تھی۔ تاہم نوجوان کی نشے کی لت اور پھر جیل کی ہوا کھانے کے بعد لڑکی کے والدین اُس کے شدید مخالف ہو چکے تھے۔ انہوں نے ملزم کے بارے میں پولیس کو اطلاع کر دی جس پر اُسے گرفتار کر لیا گیا اور جلد ہی دُوسری بار ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

دُبئی پولیس کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے والوں کی تعداد میں خاصی کمی آئی ہے۔ رواں سال پہلی ششماہی کے دوران 5,155 افراد اس نوعیت کی کوشش کے دوران گرفتار ہوئے جبکہ گزشتہ سال کی پہلی ششماہی کے دوران مملکت میں در اندازی کی کوشش میں 11,394 افراد گرفتار کیے گئے تھے۔ اسی طرح رواں سال رہائشی قوانین کی خلاف ورزی پر 2,755 افراد گرفتار کیے گئے جبکہ گزشتہ سال اس جُرم میں پکڑے جانے والوں کی تعداد 2,886 تھی۔

پولیس کے مطابق رہائشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں اور غیر قانونی طریقے سے مملکت میں داخل ہونے والوں کے حوالے سے ایک آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ جس میں لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ہمیں ایسے افراد کے بارے میں اطلاع دیں۔ یہ غیر قانونی لوگ زیادہ تر چھابڑیاں لگاتے ہیں، کاریں دھوتے ہیں یا پھر گداگری میں ملوث ہوتے ہیں۔