فلم سوئی دھاگہ کا پہلا گانا ’سب بڑھیا ہے‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول

فلم رواں سال 28ستمبر کو سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائیگی

منگل 25 ستمبر 2018 11:50

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) بالی ووڈ اداکار ورون دھون اور اداکارہ انوشکا شرما کی نئی آنے والی فلم ’سوئی دھاگا‘ کے پہلے گانے نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔ورون دھون اور انوشکا شرما ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’سوئی دھاگا: میڈ ان انڈیا‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اورفلم کی مقبولیت کو چار چاند لگانے کے لیے فلم کا پہلا گانا جاری کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’سوئی دھاگا‘ کے پہلے گیت ’سب بڑھیا ہے‘ نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تین منٹ پچپن سیکنڈ کے اس گیت کو یوٹیوب پر محض تین دن میں پینتیس لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔فلم کے گانے ’سب بڑھیا ہے‘ کو ورون دھون پر فلمایا گیا ہے جس میں گلوکار سکھ وندر سنگھ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ انوشکا اور ورون دھون نے فلم’سوئی دھاگہ‘کی پروموش کے ساتھ ہی بالی ووڈ اسٹارز کو سوئی میں دھاگہ ڈالنے کا چیلنج دیا تو شاہ رٴْخ خان ، اکشے کمار ، رنبیر کپور سمیت دیگر بولی ووڈ اسٹار نے سوئی میں دھاگہ ڈالنے کی بھرپور کوشش کی جس میں کچھ کامیاب ہوئے کچھ ناکام اور اپنی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے دیگر اسٹارز کو بھی چیلنج کرڈالا۔

شرط کتریا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی ایک عام درزی کی مختصر اور محدود دنیا کے گرد گھومتی ہے جو مشکل حالات کے باوجود عام انسان کے طور پر زندگی گزارنے کا پیغام دیتے نظر آتا ہے جس میں انوشکا اور ورون مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے دیہاتی میاں بیوی کے روپ میں نظر آئیں گے۔فلم رواں سال 28ستمبر کو سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائیگی۔