کشمیری عوام مذموم بھارتی عزائم ناکام بنانے کیلئے ڈھونگ انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں، مشترکہ حریت قیادت

بھارتی ریاستوں میں کشمیری دستکاروں اور تاجروںکو تعصب اور نفرت کانشانہ بنانے کی شدید مذمت

منگل 25 ستمبر 2018 11:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں سیدعلی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کشمیری عوام سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ڈھونگ انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قائدین نے یہ اپیل حیدرپورہ سرینگر میں ایک غیر معمولی اجلاس کے دوران کی ۔

اجلاس میں جموںوکشمیر کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور و خوص کیاگیا ۔ انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ کشمیری عوام کو انکی مرضی کے خلاف ڈھونگ انتخابات میں شرکت پر مجبور کرنے کیلئے فوجی دبائو ڈالا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ انتخابی ڈھونگ کاواحد مقصد عالمی برادری یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کرنا ہے کہ کشمیری بھارت کے ساتھ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بھارت کی فرقہ پرست حکومت فوجی طاقت اور اقتدار کے نشے میں چور ہوکر اس مفروضے کو لے کر آگے بڑھنے کی کوشش کررہی ہے کہ عوام کی خواہشات کے برخلاف حکومتیں ان پر مسلط کی جاسکتی ہے اور عوام کی انتخابات میںشرکت یا بائیکاٹ سامراجی ذہنیت کے مالک حکمرانوں کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

تاہم حریت رہنمائوںنے بھارتی حکمرانوں کے اس مفروضے کو ردکرتے ہوئے کہاکہ اپنے جائز حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والی قوموں کی تحریک آزادی کو فوجی طاقت کے بل پر دبانا ممکن تھا نہ آئندہ ایسا ممکن ہو سکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت جموںو کشمیر کو اپنے آئین میں دی گئی ضمانتوں سے انحراف کرتے ہوئے اسٹیٹ سبجیکٹ قانون اور کشمیر کے مسلم اکثریتی کردارکو ختم کرنے ،آبی وسائل، قدرتی ذخائر، جنگلات اور قدرتی حسن کو نیلام کرنے کے درپے ہے ۔

انہوںنے گلمرگ میں فوجی مقاصد کیلئے ہیلی پیڈ قائم کرنے کے علاوہ دیگر صحت افزا مقامات پر فوجی چھائونیاں قائم کرنے کیلئے ہزاروں ایکڑ رقبے پر پھیلے جنگلات کاٹنے اورقدرتی ماحول کو تباہ کرنے کی مذموم سازشوں کی مزمت کرتے ہوئے واضح کیاکہ عوامی بیداری مہم کے ذریعے انتظامیہ کو ایسا کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائیگی ۔ مشترکہ حریت رہنمائوںنے ہماچل پردیش، اتر پردیش اور بھارت کی دیگر ریاستوں میں کشمیری دستکاروں اور تاجروںکو تعصب اور نفرت کانشانہ بنانابدترین قسم کی انتقامی پالیسی ہے جسے اگر فوراً روکنے کی کوشش نہ کی گئی تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ صحت افزا مقامات پر فوجی چھائونیاں تعمیر کرنے کے حوالے سے زبردست عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا منصوبہ وضع کیاگیا ہے جسے مختلف طبقہ ہائے فکر اور عوامی حلقوں سے ضروری مشاورت کے بعد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔